0
Monday 25 Dec 2017 08:50

لاہور، مسیحی برادری کرسمس کا تہوار روایتی جوش وجذبے سے منا رہی ہے، گرجا گھر سج گئے

لاہور، مسیحی برادری کرسمس کا تہوار روایتی جوش وجذبے سے منا رہی ہے، گرجا گھر سج گئے
اسلام ٹائمز۔ پوری دنیا سمیت لاہور میں بھی مسیحی برادری کرسمس کا تہوار اپنے روایتی جوش و جذبے سے منا رہی ہے۔ گزشتہ شب گھڑی پر 12 بجے تو کلنڈر پر 25 دسمبر کی تاریخ نمودار ہوتے ہی لاہور بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی برادری نے اپنی مذہبی رسومات کا آغاز کر دیا۔ گھروں کی سجاوٹ کرسمس سے جڑی ایک قدیم روایت ہے، جس میں موم بتیاں، پھول، تصاویر، کرسمس کا مصنوعی درخت، سانتا کلاز کی مختلف علامات، کارڈز، ٹافیوں کے ڈبے اور دیگر آرائشی اشیاء سے گھروں کو سجانے کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے اور تمام تیاریاں دسمبر کے آغاز میں ہی انجام پانا شروع ہو جاتی ہیں۔ تیاریاں عین 25 دسمبر کو بامِ عروج پر ہوتی ہے۔ سینٹ اینتھنی چرچ ایمپرنس روڈ، ہولی ٹرنٹی چرچ نیلہ گنبد، سینٹ اینڈرس پیرس بیٹیرین چرچ انار کلی، سینٹ اینتھنی چرچ گلبرگ، سینونتھ ڈے ایڈوانچرز چرچ ٹھوکر نیاز بیگ سمیت شہر کے تمام چرچز میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ بچوں کی جانب سے ولادت حضرت عیسی علیہ السلام کے موضوع پر ڈرامہ پیش کیا گیا۔ کرسمس کے موقع پر تمام چرچز میں کرسمس کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریبات میں ملک و قوم کی ترقی کیساتھ ساتھ ملک پاکستان میں رہنے والی اقلیتوں کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ کرسمس کی تقریبات میں مسیحی برادری کیساتھ مسلمان بھی اظہار یکجہتی کیلئے شرکت کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ گرجا گھروں کی سکیورٹی کیلئے اضافی نفری تعینات ہے جبکہ شہر بھر میں گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ 15 ہزار سے زائد اہلکار سکیورٹی کی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ گرجا گھروں کے نواحی علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 692283
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش