0
Sunday 7 Jan 2018 15:35
ختم نبوت کے حلف نامے میں ترمیم کی ذمہ دار ہر سیاسی جماعت اور پارلیمانی کمیٹی تھی

ٹرمپ کو باور کرانا ہوگا کوئی ہمارے شہداء کے خون کا سودا نہیں کر سکتا، شہباز شریف

ٹرمپ کو باور کرانا ہوگا کوئی ہمارے شہداء کے خون کا سودا نہیں کر سکتا، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت کے حوالے سے حکومت نے فوری ایکشن لیتے ہوئے وفاقی وزیر کا استعفیٰ منظور کیا، ترمیم کے حوالے سے ہر پارٹی کی نمائندگی کیساتھ پارلیمانی کمیٹی ذمہ دار تھی اور ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ختم نبوت کا قانون مضبوط ہوگیا ہے، قیامت تک کوئی اس میں تبدیلی نہیں کر سکتا، ایک دوسرے کیخلاف تقاریر نہ ہی اسلام اور نہ ہی پاکستان کی خدمت ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ دست بدستہ عرض ہے کہ دشمن للکار رہے ہیں، اب اتحاد وقت کی ضرورت ہے، دانستہ یا غیر دانستہ انتشار پھیلانا اغیار اور دشمنوں کو مضبوط کرنے کے مترداف ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کیا دھرنوں سے معیشت کو سنوارا جا سکتا ہے، کیا دھرنوں سے غربت ختم اور سب کو انصاف مل سکتا ہے، ملک و قوم کی حالت سنوارنے اور خدمت کیلئے کام کرنا پڑتا ہے، دولت کی مساوی تقسیم اور انصاف کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نازک ملکی صورتحال میں مشائخ اور اولیاء کرام، گدی نشین اور بزرگان کا کردار بہت اہم ہے، نبی کریم ؐ کے نام پر ہر مسلمان گردن کٹانے کو تیار ہے لیکن انکے حقیقی پیغام کی رو پر عمل کرنا بھی ضروری ہے، محبت، تحمل اور برداشت کا پیغام خانقاہوں سے دنیا میں گونجنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ کے انصار نے مہاجرین کو گلے لگا کر ایثار اور قربانی کی اعلی مثال پیش کی، اسی پیغام کو پھیلانے کی ضرورت ہے، امریکی صدر کے نفرت اورحقارت انگیز الفاظ پوری قوم کیلئے تکلیف دہ ہیں، 70سال میں کسی کو پاکستان کے بارے میں ایسے نازیبا الفاظ استعمال کرنے کی جرأت نہ ہوئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ٹرمپ کی بدقسمتی ہے کہ انہوں نے پاکستان پر جھوٹے ہونے کا الزام عائد کیا، ٹرمپ کے کانوں سے یہ بات گزارنی ہوگی کہ کوئی ہمارے شہداء کے خون کا سودا نہیں کر سکتا۔ شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فوج، پولیس اور عوام نے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ مشائخ کانفرنس میں صوبہ بھر سے مشائخ اور مختلف درباروں کے گدی نشینوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 695486
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش