0
Monday 5 Feb 2018 20:52

کشمیر پاکستان ہی نہیں پیپلز پارٹی کی بھی شہ رگ ہے، آصف علی زرداری

کشمیر پاکستان ہی نہیں پیپلز پارٹی کی بھی شہ رگ ہے، آصف علی زرداری
اسلام ٹائمز۔ یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے لاہور کی تاریخی گراؤنڈ موچی دروازہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کہ شہ رگ ہے، اسے پنچہ یہود سے آزاد کروا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے آج تک کشمیر کا مسئلہ التواء کا شکار ہے، مودی کے یار اس کی یاری کی بجائے کشمیری بھائیوں کا بہتہ ہوا لہو دیکھیں تو انہیں پتہ چلے مظلوم آزادی کی جدوجہد کیلئے کتنی قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں لاہور کی تاریخی گراؤنڈ میں آج ہم کھڑے ہیں وہاں قائداعظم بھی کھڑے ہوئے تھے، اسی جگہ پر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھی کھڑی ہوئیں، آج ہم کشمیر کے مظلوم بھائیوں کیلئے آواز اٹھانے یہاں جمع ہیں، ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کشمیر پاکستان کی ہی نہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کی بھی شہ رگ ہے، ہمیں بھی اتنا ہی درد محسوس ہوتا ہے جتنا ہمارے کشمیر بھائی محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے 4 سال میں ہم سے 3 گنا زیادہ قرضہ لیا گیا، یہ قرضے عوام اُتاریں گے یا آپ کے بچے، جو یہاں رہتے ہی نہیں؟ آصف علی زرداری نے کہا کہ آپ کو کہا تھا نا کہ حکومتیں ہٹا سکتے ہیں، جمہوریت کی خاطر شہید بھٹو نے پھانسی کے پھندے کو چوما، جمہوریت کیلئے بے نظیر شہید ہوئیں، جمہوریت کیلئے میں نے سالوں جیل کاٹی۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آج بھی طاقت رکھتی ہے، ہم جب چاہیں حکومت گرا سکتے ہیں مگر ہم جمہوریت کی بالادستی کیلئے خاموش ہیں، اس قوم اور ملک میں بہت طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی طاقت کا ان کو پتہ ہی نہیں، یہ تو سی پیک کو قرضے کی آرگنائزیشن سمجھتے ہیں، نواز شریف ملک پر ہمیشہ کیلئے قبضہ کرنا چاہتا ہے، اسے بادشاہ بننے کا شوق ہے، اس کو نکالنا پڑے گا چھوڑیں گے نہیں، اب اگر نواز شریف کو چھوڑ دیا تو اللہ بھی ہمیں نہیں چھوڑے گا، نواز شریف قومی چور ہے، نواز شریف کشمیر جاتے ہیں مگر کشمیر کی بات نہیں کرتے، نواز شریف نے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا، نواز شریف نے پاکستان کی جڑیں کاٹی، نواز شریف دھرتی پر ناسور ہو چکا ہے، دھرتی بھی نواز شریف کو قبول کرنے کو تیار نہیں۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا میرے مولا اس ناسور سے غریبوں کی جان چھڑا، پاکستان بہت مضبوط ملک ہے، شریف کہتے ہیں کہ صرف ان کے بینک اور پاور پلانٹس ہوں، جس ملک میں خوراک نہیں ہوگی وہ کامیاب بھی نہیں گا۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ مجھ سے معاہدہ کرکے پھر گیا، وعدہ کرتا ہوں کہ آئندہ کا الیکشن شفاف ہوگا، پنجاب کےپی سمیت پورے ملک سے جیتیں گے، آپ کو پتہ ہے جو بات کرتا ہوں وہ پوری بھی ہوتی ہے۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ چاہوں تو ان کی حکومت گرا سکتا ہوں، کشمیر مسئلے پر شہید بے نظیر نے راجیو گاندھی سے بات کی۔ راجیو نے کہا کہ الیکشن جیتنے کے بعد مسئلہ دیکھوں گا، بدقسمتی سے راجیو گاندھی مارا گیا، منموہن سنگھ سے بھی مسئلہ کشمیر پر بات کی تھی۔
خبر کا کوڈ : 702511
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش