0
Saturday 24 Feb 2018 13:24

اداروں کے مابین تصادم ملک کے مفاد میں ہرگز نہیں، اسفندیار ولی

اداروں کے مابین تصادم ملک کے مفاد میں ہرگز نہیں، اسفندیار ولی
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ تمام اداروں کو آئین اور قانون کی جانب سے متعین کردہ حدود کے اندر اپنے اختیارات استعمال کرنے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ولی باغ چارسدہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا جبکہ میاں افتخار حسین، حاجی غلام علی، بشریٰ گوہر و پارٹی کے دیگر رہنماء بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ سینٹ اور عام انتخابات کا بروقت انعقاد ملک اور جمہوریت کے حق میں ہے جبکہ موجودہ وقت میں 2 ادارے باہم متصادم ہیں، جنہیں ایک دوسرے کو نقصان پہنچانے کی بجائے معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنا چاہیئے۔ فاٹا کے حوالے سے سربراہ اے این پی کا کہنا تھا کہ حکومتی وعدوں سے وہ مطمئن نہیں جسے قبائلی عوام کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کا مغربی روٹ عوامی نیشنل پارٹی کے منشور کا حصہ ہے۔ اسفند یار ولی خان نے مطالبہ کیا کہ ملک کی داخلہ و خارجہ پالیسی کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو کو خیبر پختونخوا میں جاری کرپشن نظر نہیں آرہی اور بلین ٹری سونامی میں ہوئی بدعنوانیوں کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔ موجودہ سیاسی حالات بارے انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کی ہمدردیاں نواز شریف کے ساتھ ہیں نہ ہی عمران خان کے ساتھ بلکہ ان کی جماعت پارلیمان اور آئین کی طرفداری کرتی ہے۔ اسفندیار ولی خان کے مطابق سیاست پارلیمان تک محدود رکھنی چاہیئے جبکہ اداروں کے مابین تصادم ملک کے مفاد میں ہرگز نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 707130
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش