0
Thursday 1 Mar 2018 22:02

نئی دہلی میں مقبوضہ کشمیر کی وزیراعلٰی کی نریندر مودی سے ملاقات

نئی دہلی میں مقبوضہ کشمیر کی وزیراعلٰی کی نریندر مودی سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کی وزیراعلٰی محبوبہ مفتی جو کہ نئی دہلی میں ہیں، نے بدھ کی شام وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات کی۔ میٹنگ کے دوران وزیر اعلٰی نے بھارتی وزیراعظم کو ریاست جموں و کشمیر کی مجموعی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیراعظم سے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام پچھلی کئی دہائیوں کے نامساعد حالات سے بُری طرح سے متاثر ہورہے ہیں۔ محبوبہ مفتی نے سرحدوں پر تشدد کے حالیہ بڑھتے واقعات کے بارے میں وزیر اعظم کو جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ اس کشیدگی کی وجہ سے ہزاروں لوگوں کو اپنے گھر بار چھوڑنے کے ساتھ ساتھ اپنے معمول کا کام کاج چھوڑنا پڑا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ تشدد اور غیر یقینیت کے تناؤ کو کم کیا جانا چاہئے اور افہام و تفہیم کے راستے کو اپنایا جانا چاہئے جس کا نظریہ موجودہ حکومت کے ایجنڈا آف الائنس میں بھی درج ہے تاکہ ریاست اور برصغیر میں دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنایا جاسکے۔

میٹنگ کے دوران ایجنڈا آف الائنس پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور ضرورت محسوس کی گئی کہ تمام شعبوں میں معیاد بند مدت کے اندر ترقی کو یقینی بنایا جانا چاہئے جن میں گروپوں، خطوں اور ممالک کے درمیان افہام و تفہیم کے عمل کو بڑھاوا دینے کے ساتھ ساتھ بجلی پروجیکٹوں کی واپسی جیسے امور شامل ہیں۔ میٹنگ میں دونوں حکمران پارٹیوں پی ڈی پی اور بی جے پی کے درمیان موثر تال میل کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا تاکہ ریاستی عوام تک بہتر نتائج پہنچائے جاسکیں۔ محبوبہ مفتی نے بھارتی وزیراعظم کو ریاست میں ایک لاکھ کروڑ روپے کے وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج کی عمل آوری کے بارے میں بھی جانکاری دی۔ انہوں نے عوام تک رسائی اور اس پیکیج کے فوائد بنیادی سطح پر لوگوں تک پہنچانے کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔
خبر کا کوڈ : 708236
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش