0
Friday 13 May 2011 02:25

سی آئی اے اور آئی ایس آئی کے درمیان تعاون ختم ہو گیا، گیلانی

سی آئی اے اور آئی ایس آئی کے درمیان تعاون ختم ہو گیا، گیلانی
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اسامہ بن لادن کے خلاف ہونے والے امریکی یکطرفہ آپریشن کے بعد سی آئی اے اور آئی ایس آئی کے درمیان تعاون ختم ہو گیا۔ ایک غیرملکی میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے، وہ جمہوری وزیراعظم ہیں ان پر عوام کا دباو ہے امریکہ کی حمایت ہماری حکومت گرنے کا باعث بن سکتی ہے اگر امریکہ پاکستانیوں کے دل جیت لیتا ہے تو آپریشن میں مزید پیشرفت ہو سکتی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم نے القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد اپنے پہلے انٹرویو میں کہا کہ امریکہ اور پاکستان کا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مزید ساتھ کام کرنا مشکل ہو گیا ہے، ایبٹ آباد آپریشن کے بعد پاکستانی خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹلیجنس آئی ایس آئی اور سینٹرل انٹلیجنس ایجنسی سی آئی اے میں تعاون ختم ہو گیا تھا، دہشت گردی کے خلاف جنگ کی حکمت عملی پر دونوں ملکوں میں پہلے ہی اختلافات موجود تھے، جن میں مزید اضافہ ہوا۔ انھوں نے کہا کہ میں فوجی ڈکٹیٹر نہیں ہوں بلکہ ایک جمہوری وزیراعظم ہوں اگر عوامی رائے اس کے خلاف ہو گی تو میں اس کے خلاف نہیں جا سکوں گا۔ انھوں نے کہا میں حیران ہوں کہ امریکہ نے پاکستان کو اتنے بڑے واقعے سے آگاہ کیوں نہیں کیا۔ اگر ہم ساتھ لڑ رہے ہیں، اتحادی ہیں، انفارمیشن شئیر کرتے ہیں تو کیا وجہ تھی کہ آپریشن مشترکہ نہیں ہو سکتا تھا۔ اسامہ بن لادن کے سوال پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسامہ صرف پاکستان میں ہی نہیں رہا ہے۔
آج نیوز کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے تصدیق کی ہے کہ سی آئی اے اور آئی ایس آئی کے درمیان روابط ٹوٹ چکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ جب تک واشنگٹن اٹھارہ کروڑ پاکستانیوں کا اعتماد بحال نہیں کرتا موجودہ پاکستانی حکومت کیلئے امریکا کے ساتھ تعلقات استوار رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ٹائم میگزین کو بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اعتماد کم ہو رہا ہے۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان دہشت گردی کی جنگ اور افغانستان سے انخلاء کے طریقہ کار پر اختلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک جمہوری وزیراعظم ہیں اور عوام کو جوابدہ ہیں، اگر عوام امریکا مخالف ہو گی تو  اسلام آباد کا امریکا سے تعلقات قائم رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ 
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایبٹ آباد میں امریکا کی یکطرفہ کارروائی حیران کن ہے، جب جنگ ساتھ لڑ رہے ہیں، تو پھر ہر کام مشترکہ ہونا چاہیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغان صدر سے گفتگو میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ دہشت گرد مشترکہ دشمن ہیں، جن کا مقابلہ ملکر کرنا ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغان مسئلے کا کوئی مستقل فوجی حل موجود نہیں، سیاسی حل تلاش کر کے انخلاء کی حکمت عملی اپنانی چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 71466
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش