0
Saturday 31 Mar 2018 17:14

کراچی میں بجلی بحران کے حل کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کا وزیراعظم کو خط

کراچی میں بجلی بحران کے حل کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کا وزیراعظم کو خط
اسلام ٹائمز۔ وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں بجلی کے بحران کے حل کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو خط لکھا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں بجلی کے بحران کے حل کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو خط ارسال کر دیا ہے، جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا ہے کہ کے الیکٹرک کو گیس پاور چلانے کیلئے 190 ایم ایم سی ایف گیس کی ضرورت ہے، لیکن اسے 90 ایم ایم سی ایف گیس فراہم کی جا رہی ہے، جو شہر کی بجلی کی ضرورت پوری کیلئے ناکافی ہے، شہر میں پہلے ہی 400 میگاواٹ بجلی کی قلت تھی، اب گیس سپلائی کم ہونے سے مزید 500 میگا واٹ بجلی کم ہوگئی ہے۔ شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک بڑھ چکا ہے، جبکہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ اور صنعتی علاقوں کو بھی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ اور سندھ اور پاکستان کی معیشت بھی متاثر ہو رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی ضد کی وجہ سے کراچی کے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ بھی متاثر ہے، شہر میں گرمی کا پارہ 40 ڈگری تک پہنچنا اور اس کے ساتھ بجلی کا بحران انتہائی تشویشناک ہے اور اس صورتحال میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ خط میں درخواست کی گئی ہے کہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو 276 ایم ایم سی ایف گیس کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سوئی سدرن گیس کمپنی کو ہدایات جاری کرے، اور ایس ایس جی سی کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے پر عملدرآمد کا پابند بنائے۔ وزیراعلیٰ نے خط میں کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے مابین واجبات کا تنازعہ حل کرنے کیلئے وفاق، سندھ اور فریقین کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی کے قیام کی تجویز بھی دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 714894
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش