0
Thursday 25 Jun 2009 13:39

واشنگٹن سے شدید احتجاج کیا ہے،ڈرون حملے خود مختاری کیخلاف ہیں،فوراً بند کئے جائیں: پاکستان

واشنگٹن سے شدید احتجاج کیا ہے،ڈرون حملے خود مختاری کیخلاف ہیں،فوراً بند کئے جائیں: پاکستان
اسلام آباد : دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ ڈرون حملوں پر امریکہ سے شدید احتجاج کیا ہے اور اپنے خدشات ان تک پہنچا دئیے ہیں۔ اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری کے خلاف ہیں اور اس سلسلے میں امریکہ سے رابطہ کر کے اسے خدشات سے آگاہ کیا گیا ہے۔ ڈرون حملوں پر پاکستان کا مؤقف انتہائی مضبوط اور واضح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے اور ڈرون حملے فوری بند ہونا چاہئیں۔ پاکستان کے سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مؤثر طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ دریں اثناء دفتر خارجہ نے ممبئی حملوں میں مبینہ طور پر ملوث 22 پاکستانیوں کی حوالگی کی کسی درخواست کو بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈہ قرار دے کر مسترد کر دیا۔ ترجمان عبدالباسط نے بتایا کہ پاکستان کو بھارت کی جانب سے 22 افراد کی حوالگی کے حوالے سے سرکاری طور پر کوئی باقاعدہ درخواست نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ممبئی واقعہ کے دوران یہ افراد وہاں موجود تھے نہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تحویل مجرمین کا کوئی معاہدہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا نے ان افراد کے حوالے سے بے بنیاد خبریں پھیلائی ہیں۔ پاکستان نے پہلے دن سے ہی تعاون کیا ہے اور اس سلسلے میں کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ بھارت ممبئی حملوں سے متعلق تمام شواہد اور تحقیقات ٹکڑوں کے بجائے ایک ساتھ ہی پاکستان کو فراہم کرے۔ اے پی پی کے مطابق ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن اطمینان بخش طریقہ سے جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 7192
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش