0
Tuesday 17 May 2011 21:59

زندہ قومیں مشکلات کا مقابلہ جرات و بہادری سے کرتی ہیں، شہباز شریف

زندہ قومیں مشکلات کا مقابلہ جرات و بہادری سے کرتی ہیں، شہباز شریف
لاہور:اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ زندہ قومیں مشکلات کا مقابلہ جرات و بہادری سے کرتی ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے وسائل پر بھروسہ کر کے خودکفالت کی منزل حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اغیار کی امداد ترک کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے یہ ایک کٹھن فیصلہ ضرور ہے لیکن انشاءاللہ ہم سادگی اور بچت کو فروغ دے کر اپنی منزل ضرور پا لیں گے۔ وہ ایوان وزیراعلیٰ میں ایڈیٹروں اور سینئر کالم نگاروں سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعلیٰ نے انہیں بیرونی امداد ترک کرنے کے حوالے سے حکومت پنجاب کے فیصلے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے نے کہا کہ خودمختاری صرف وفاقی حکومت کا نہیں بلکہ 16 کروڑ پاکستانیوں کا مسئلہ ہے اور ہماری معاشی بربادیاں اور قومی ہزیمت معاشی محکومی کا شاخسانہ ہے۔ شرائط کی پابند امداد نے ہمارے قویٰ کو مضمحل اور اداروں کو کمزور کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی ملک کو ناراض نہیں کرنا چاہتے مگر اغیار کی امداد سے انکار ہمارا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں ہم پنجاب کے عوام کے لئے صحت اور تعلیم کی سہولتوں میں کمی نہیں آنے دیں گے اور اس کے لئے ہم نئے وسائل پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی اشرافیہ اور امراء کو دینا پڑے گی، غریب عوام پہلے ہی بہت قربانیاں دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے پہلے ہی صوبے میں سادگی کو فروغ دیا ہے اور غیرترقیاتی اخراجات میں 6 ارب روپے کی کمی کی ہے اور اب اس فیصلے کے بعد 4 کور گروپ قائم کر دیئے گئے ہیں جو نئے وسائل، بچت اور غیرترقیاتی اخراجات میں کمی کے لئے اپنی سفارشات جلد پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم کرپشن کا خاتمہ کر لیں تو ہمیں بیرونی امداد کی ہرگز ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ امداد اور قرضوں میں واضح فرق ہے۔ کمرشل بنیادوں پر مختلف منصوبوں کے لئے بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے دنیا کے تمام ممالک قرضے وصول کرتے ہیں اور ایشین ڈویلپمنٹ بنک اور دیگر مالیاتی اداروں سے ایسے قرضے حاصل کرنا جو غیرسیاسی اور شرائط سے مستثنیٰ ہوں،ان پر سب کا حق ہے۔ انہوں نے سینئر کالم نگاروں اور ایڈیٹروں کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے۔
خبر کا کوڈ : 72625
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش