0
Tuesday 29 May 2018 01:25

آرمی چیف کی فاٹا یوتھ جرگہ کے نوجوانوں کو فاٹا کے انضمام پر مبارکباد

آرمی چیف کی فاٹا یوتھ جرگہ کے نوجوانوں کو فاٹا کے انضمام پر مبارکباد
اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے وفاق کے زیرانتظام سابقہ قبائلی علاقوں (فاٹا) کے بہادر قبائلیوں خصوصا نوجوان نسل کو فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام پر مبارکباد دی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سابقہ فاٹا کے یوتھ جرگہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔  آئی ایس پی آر کے مطابق یوتھ جرگہ سے ملاقات کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فاٹا کے انضمام سے علاقے میں معاشی و سماجی ترقی ہوگی اور دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا۔ آرمی چیف نے فاٹا انضمام سے متعلق نوجوان نسل کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ ریاست دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردی اور شدت پسندی کے خاتمے میں نوجوان نسل کا اہم کردار ہے، نوجوان پُرامن مقاصد پر توجہ مرکوز رکھیں، جمہوری اور سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ امن کے حصول کیلئے بھاری جانی و مالی قربانیاں دی ہیں، حاصل کئے گئے امن کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ آرمی چیف نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ دشمن قوتوں سے باخبر رہیں۔ انہوں نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں نوجوانوں کی حمایت اور عزم کو سراہا جبکہ پاکستان کے مستقبل سے متعلق نوجوانوں کے خیالات کی تعریف کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بہادر قبائلیوں کی قربانیوں سے حاصل کامیابیوں کو مستحکم کیا جا رہا ہے، پاکستان استحکام اور پائیدار امن کی طرف گامزن ہے۔ آرمی چیف نے فاٹا یوتھ جرگے کو افغان قیادت سے ملاقاتوں پر بھی اعتماد میں لیا اور کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، وہ ملکی ترقی اور امن میں کردار جاری رکھیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فاٹا یوتھ جرگہ نے اس موقع پر امن کی بحالی اور استحکام کیلئے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی۔ جرگے نے علاقے میں سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے بھی پاک فوج کی کوششوں کو سراہا جبکہ جرگے نے فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے آرمی چیف کی دلچسپی کی بھی تعریف کی۔
خبر کا کوڈ : 728002
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش