0
Tuesday 26 Jun 2018 18:09

پشاور میں سرکاری مشینری پر اب تک تحریک انصاف کا اثر و رسوخ ہے

پشاور میں سرکاری مشینری پر اب تک تحریک انصاف کا اثر و رسوخ ہے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں اقتدار ختم ہونے کے باوجود اب تک سرکاری مشینری پاکستان تحریک انصاف کے اثر و رسوخ میں موجود ہے۔ پشاور پریس کلب میں پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی صدر نگہت یاسمین اورکزئی اور اے این پی کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات اور پی کے 78 پشاور سے امیدوار ہارون بشیر بلور نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کی جماعتیں انتخابی مہم کے سلسلے میں بڑے سائز کے بل بورڈز لگانے کا ارادہ رکھتی تھی، لیکن الیکشن کمیشن نے اس پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پشاور کی مختلف سڑکوں پر سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی جانب سے لگائے گائے بل بورڈز، پینافلیکس، بڑے سائز بینرز ہٹانے کا حکم دیا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو دو جماعتوں کے کارکنان صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن بینرز، بل بورڈز، پوسٹرز اور دیگر مواد کے سائز کے حوالے سے بنائے گئے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرائے۔

اس موقع پر نگہت یاسمین اورکزئی نے خیبر پختونخوا میں بیوروکریسی میں رد و بدل پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے اعلٰی عہدوں پر فائز حکام نے اپنی خدمات وفاقی حکومت کو واپس کر دیں، لیکن خیبر پختونخوا میں حکام کو ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں بھیج دیا گیا۔ پیپلز پارٹی کی رہنما نے الزام لگایا کہ محکمہ خزانہ، صحت اور اعلٰی تعلیم جیسے محکموں میں گذشتہ حکومت کی طرف سے براہ راست اثر ڈالا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ہارون بلور کی جانب سے پی ٹی آئی کے ضلعی ارکان پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے ووٹرز میں واٹر پمپس تقسیم کئے اور این اے 31 پشاور میں ترقیاتی کام کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور ڈیولمپنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) میں پچھلی تاریخوں میں بھرتیاں کی گئیں جبکہ واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز (ڈبلیو ایس ایس) پشاور کے حکام اور ملازمین انتخابی مہم میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی حمایت کر رہے ہیں، جو سراسر دھاندلی ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن اور مقامی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ان تمام معاملات کا نوٹس لیں اور ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو انتخابی مہم کیلئے موقع فراہم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 733774
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش