0
Tuesday 10 Jul 2018 11:16

سی پیک منصوبوں میں بدعنوانی کو روکنے کیلئے نیب اہم کردار ادا کر رہا ہے، جسٹس (ر) جاوید اقبال

سی پیک منصوبوں میں بدعنوانی کو روکنے کیلئے نیب اہم کردار ادا کر رہا ہے، جسٹس (ر) جاوید اقبال
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب بلوچستان کا دورہ کیا اور نیب بلوچستان کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے۔ نیب کرپٹ عناصر کو سی پیک سمیت قومی اہمیت کے تمام منصوبوں میں بد عنوانی سے روکنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ سی پیک کا منصوبہ نہ صرف پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے۔ یہ منصوبہ خطے کی ترقی کے لئے بھی گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ ملک کی تعمیر و ترقی بالخصوص بلوچستان کی ترقی کے ملکی معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوں‌ گے۔ نیب چہرہ نہیں، بلکہ کیس دیکھتا ہے۔ پٹ فیڈر کینال سے بلوچستان کے زرعی بیلٹ کا معاشی مستقبل وابستہ ہے۔ پٹ فیڈر کینال کیس میں کرپشن کرنے والے تمام ذمہ داروں کا تعین کرکے ان سے قوم کی لوٹی ہوئی رقم برآمد کی جائے گی۔ قومی احتساب بیورو ملک سے کرپشن کے مکمل خاتمے کے لئے قانون کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے۔  کرپشن کے خاتمے کے لئے ہمارا جہاد بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کے ساتھ ساتھ اُن سے قوم کی لوٹی گئی تمام رقوم کی واپسی اور قومی خزانے میں جمع کرانے تک جاری رہے گا۔

بلوچستان خزانہ کیس میں قومی احتساب بیورو کی انتھک کاوشوں سے بلوچستان کی عوام سے لوٹے گئے اربوں روپے کرپٹ عناصر سے وصول کرکے بلوچستان حکومت کے حوالے کئے گئے ہیں، جو نیب کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ نیب کا الیکشن سے نہ پہلے کوئی تعلق تھا، نہ آج کوئی تعلق ہے۔ نیب قانون کے مطابق بلاتفریق بدعنوان عناصر کو گرفتار کرکے اُن سے قوم کی لوٹی گئی رقم برآمد کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ چیئرمین نیب کا مزید کہنا تھا کہ نیب نے اب تک 296 ارب روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں، جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔ بلوچستان میں کرپشن کے تدارک، مفاد عامہ کے منصوبوں کی شفافیت کو یقینی بنانے اور میرٹ پر تکمیل سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو بھی استحکام حاصل ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 736870
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش