0
Saturday 21 Jul 2018 17:11

تعلیمی شعبہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ سے بہتری لائی جا سکتی ہے، نگران کابینہ بلوچستان

تعلیمی شعبہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ سے بہتری لائی جا سکتی ہے، نگران کابینہ بلوچستان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ محض عمارتیں کھڑی کرنے سے تعلیمی شعبے میں ترقی نہیں آسکتی، بلکہ تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، معیاری اور تکنیکی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت یافتہ استاتذہ کی اسکولوں میں دستیابی سے ہی ہم تعلیمی پستی سے باہر نکل سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے میں سیکنڈری اور ہائیر ایجوکیشن سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ نگران وزیر تعلیم ڈاکٹر نصراللہ خان خلجی نے اجلاس میں صوبے میں سیکنڈری اور ہائیر ایجوکیشن، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، صوبے میں اسکولوں کو درپیش مشکلات، اساتذہ کی کمی سمیت تعلیمی اداروں کو درپیش مختلف امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ اجلاس میں صوبے میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لئے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلٰی نے کہا کہ ماضی میں تعلیم پر مطلوبہ توجہ نہیں دی گئی، جس کے باعث آج ہمارا تعلیمی شعبہ مشکلات کا شکار ہے اور ہم باقی صوبوں سے تعلیمی میدان میں پیچھے رہ گئے ہیں۔ صرف عمارتیں تعمیر کرنے سے تعلیمی شعبہ میں ترقی نہیں آ سکتی، بلکہ اس کے لئے ضروری ہے کہ اسکولوں میں بنیادی سہولیات، قابل اساتذہ کی دستیابی اور معیاری تعلیم کی فراہمی سے ہی ہم تعلیمی میدان میں ترقی کرسکتے ہیں۔

نگران وزیراعلٰی بلوچستان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے 52 فیصد پرائمری اسکول صرف ایک ایک کمرہ پر مشتمل ہیں، جبکہ یہ اسکول بنیادی سہولیات جیسے کہ پینے کا پانی اور باتھ رومز سے بھی محروم ہیں۔ سینکڑوں اسکول ایسے ہیں جن کی اب تک چار دیواری بھی نہیں بنائی گئی۔ تمام اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، اساتذہ کی حاضری سمیت گھوسٹ اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اگر ہمارے ایک ملین سے زیادہ بچے اسکولوں سے باہر ہوں گے تو ہم کبھی بھی ترقی نہیں کر سکیں گے۔ اسکولوں میں انرولمنٹ کی شرح کو بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور اس کے ساتھ ساتھ بچوں کو تکنیکی تربیت کی فراہمی کے لئے ٹیکنیکل سینٹروں کو مزید فعال بنایا جائے۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تعلیمی شعبہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فروغ سے تعلیمی شعبہ میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ استاتذہ کی تربیت کے ساتھ اسکولوں کی کارکردگی بڑھانے کے لئے ضلعی سطح پر ان کی نگرانی کرنے کی ضرورت ہے۔ تعلیمی شعبہ سے وابستہ افراد بالخصوص استاتذہ کرام کو چاہیئے کہ اس مقدس پیشے کی خود عزت کرتے ہوئے اپنے فرائض میں کوئی کوتاہی نہ برتیں، کیونکہ ہمارے بچوں کا مستقبل ان کے ہاتھوں میں ہے۔
خبر کا کوڈ : 739163
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش