0
Tuesday 24 May 2011 19:58

قوم نے مجھے جو عزت دی اسے نوٹوں میں نہیں تولا جا سکتا، ڈاکٹر قدیر خان

قوم نے مجھے جو عزت دی اسے نوٹوں میں نہیں تولا جا سکتا، ڈاکٹر قدیر خان
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے مایہ ناز ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں بہت ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اور صوبے کی عوام کو محمد شہباز شریف کی صورت میں متحرک اور فعال قیادت ملی ہے جو ان کی خوش قسمتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر محمد شہباز شریف صوبے کی سطح سے نکل کر قومی سطح پر کردار ادا کریں تو یہ ملک کیلئے اچھا ہو گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال میڈیکل کالج میں 13ویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے مزید کہا کہ جہاں بھی کوئی مسئلہ ہوتا ہے تو وزیراعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف وہاں خود فوراً پہنچ جاتے ہیں اور انہیں جب بھی کوئی مسئلہ پیش آیا تو انہوں نے وزیراعلٰی پنجاب کو ٹیلی فون پر کہا، جسے شہباز شریف نے فوری حل کر کے ٹیلی فون کے ذریعے خود اطلاع دی، جو ان کے بڑے پن کی دلیل ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کانووکیشن میں میڈلز اور ڈگریاں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی۔
انہوں نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ ہسپتالوں میں ہڑتال کر کے اپنے حلف کی خلاف ورزی نہ کریں بلکہ اپنے مطالبات منوانے اور مسائل کے حل کے لئے کوئی فورم تشکیل دیں کیونکہ ان کی ہڑتال سے صرف غریب مریضوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جو پرائیویٹ ہسپتال جانے کی سکت نہیں رکھتے، انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دینا ہی پروفیشنلزم کہلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کئی ممالک کی بڑی بڑی پیشکشوں کو ٹھکرا کر قوم کی خدمت کرنے کے لئے پاکستان آئے اور ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں ساڑھے چار ہزار روپے پنشن ملی جو اب بڑھ کر 27 ہزار روپے ہو گئی ہے، لیکن قوم نے انہیں جو عزت دی اسے نوٹوں میں نہیں تولا جا سکتا۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے کہا کہ زندگی میں صرف دولت ہی سب کچھ نہیں ہوتا بلکہ انسانیت کی خدمت میں عظمت ہے۔
خبر کا کوڈ : 74231
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش