0
Saturday 15 Sep 2018 11:22

انتخابات نہیں حق خودارادیت واحد راہ حل ہے، میرواعظ عمر فاروق

انتخابات نہیں حق خودارادیت واحد راہ حل ہے، میرواعظ عمر فاروق
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے انتخابات کو لاحاصل عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی طرح کے انتخابی عمل سے لوگوں کا کوئی بھی لینا دینا نہیں ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے بشری حقوق کونسل کی نومنتخب چیئرمین مچل بچلٹ کی طرف سے جموں کشمیر میں حقوق انسانی کی پامالیوں سے متعلق بیان کو چشم کشا قرار دیا۔ سرینگر کی جامع مسجد میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران میرواعظ عمر فاروق نے مچل بچلٹ کے بیان کو ’’مبنی برحقیقت‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بات باعث افسوس ہے کہ حکومت ہندوستان نے اس بیان کو ایک بار پھر مسترد کردیا لیکن وہ اس بات کو محسوس نہیں کرتے کہ اقوام متحدہ، او آئی سی یا ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹوں کو مسترد کرنے سے حکومت ہندوستان کی انسانی قدروں اور جمہوریت کے دعوے سراب ثابت ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ’کہ حکومت ہندوستان اپنی غلطیوں سے سبق حاصل نہیں کرتی اور وہ وہی غلطیاں دہرا رہے ہیں جو وہ 1947ء سے آج تک دہراتے آرہے ہیں، وہ سمجھ نہیں پا رہے ہیں کہ آج کشمیریوں کی چوتھی نسل اپنا حق مانگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیر سے فوجی انخلاء نہیں ہوتا تب تک یہاں حالات میں بہتری کے امکانات پیدا ہونا ناممکن ہے۔ حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین نے کہا کہ کشمیر میں فوجیوں اور فورسز کی تعداد کم کرنے کے بجائے یہاں مزید فورسز کو لایا جارہا ہے اور اس کا سب سے بڑا مقصد یہ ہے کہ کشمیری عوام کی آواز کو دبایا جائے۔ میرواعظ نے کہا کہ ہم یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ حکومت ہند جتنی زیادہ قوت کے ساتھ ہماری آواز کو دبانے کی کوشش کرے گی اتنی ہی شدت کے ساتھ یہ آواز ابھرتی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 750071
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش