0
Saturday 28 May 2011 12:04

سی آئی اے اور آئی ایس آئی میں تعاون صرف مساوی بنیاد پر ہو گا ورنہ نہیں ہو گا، جنرل کیانی

سی آئی اے اور آئی ایس آئی میں تعاون صرف مساوی بنیاد پر ہو گا ورنہ نہیں ہو گا، جنرل کیانی
 راولپنڈی:اسلام ٹائمز۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ایڈمرل مائیک مولن سے ملاقات میں کہا ہے کہ سی آئی اے اور آئی ایس آئی کے درمیان تعاون مساوی بنیادوں پر ہو گا ورنہ نہیں ہو گا، مستقبل میں یکطرفہ کاروائی قابل قبول نہیں۔ ملاقات میں ایبٹ آباد آپریشن کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل کیانی نے مولن کو ایبٹ آباد آپریشن پر پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے تحفظات اور پارلیمنٹ کی مشترکہ قرارداد کے بارے میں آگاہ کیا۔ جنرل کیانی کا کہنا تھا مستقبل میں امریکہ پاکستان میں کسی ہائی ویلیو ٹارگٹ پر کاروائی نہیں کرے گا۔ امریکہ صرف معلومات فراہم کرے گا اور پاکستان خود کاروائی کرے گا۔ ذرائع کے مطابق جنرل کیانی نے واضح کیا کہ ایبٹ آباد میں امریکی فورسز کی جانب سے یکطرفہ کاروائی کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سرزمین کسی کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
 ذرائع کے مطابق ایڈمرل مائیک مولن نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی خودمختاری کا مکمل احترام کرتا ہے، اس میں کوئی شک نہیں پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آئندہ بھی تعاون جاری رہے گا۔ ذرائع کے مطابق جنرل کیانی نے ڈرون حملے روکنے کا معاملہ ایک بار پھر اٹھایا اور کہا کہ امریکہ کو اس معاملے میں پارلیمنٹ کی قرارداد پر عملدرآمد کرنا چاہئے۔ یہ حملے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نہ صرف منفی اثر ڈال رہے ہیں بلکہ امریکی مخالفت بھی بڑھ رہی ہے۔ مولن نے بتایا کہ پاکستانی عسکری قیادت کے تحفظات کو اہمیت دیتے ہیں اور تعلقات میں بہتری کیلئے کئی اقدامات کئے جائیں گے۔
 دریں اثناء مائیک مولن نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں سے بھی ملاقات کی، عسکری ترجمان کے مطابق جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز چکلالہ راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں خطے میں سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ایبٹ آباد آپریشن کے بعد دونوں ملکوں کے دفاعی تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کے فروغ کیلئے پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جائیگا۔ اس سلسلے میں دوطرفہ اقدامات کئے جائیں گے۔ جنرل خالد شمیم وائیں نے علاقائی سلامتی، ملکی خودمختاری کے تحفظ کے تناظر میں اپنے نقطہ نظر سے امریکی ہم منصب کو آگاہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 75064
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش