0
Tuesday 18 Sep 2018 19:27

دہشتگردی اور انتہا پسندی ہم سب کیلئے مشترکہ چیلنج ہے، برطانوی وزیر داخلہ

دہشتگردی اور انتہا پسندی ہم سب کیلئے مشترکہ چیلنج ہے، برطانوی وزیر داخلہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے لاہور میں ملاقات کی جس میں برطانوی وزیر داخلہ نے عثمان بزدار کو وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں تعلیم اور صحت کے شعبوں اور قانون کی حکمرانی کے پروگرام کے تحت تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ برطانیہ ساجد جاوید نے کہا کہ برطانیہ پنجاب حکومت کیساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، ترقیاتی اہداف کے حصول سمیت تعلیم اور کاروباری مواقع کے فروغ کیلئے مستقبل میں مل کر کام کریں گے، دہشتگردی اور انتہا پسندی ہم سب کیلئے مشترکہ چیلنج ہے، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

اس موقع پروزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ ترقی و خوشحالی کے سفر میں مضبوط شراکت دار ہیں، برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس کے ذریعے مستقبل میں مختلف شعبوں میں مزید بہتری لانے کے خواہاں ہیں، وزیراعظم عمران خان نے تبدیلی کا آغاز پنجاب سے کیا ہے جہاں سے ایک پسماندہ علاقے کے ایم پی اے کو وزیراعلیٰ بنایا گیا ہے، وزیراعظم کا 100 روزہ ایجنڈا پاکستان کی ترقی او رخوشحالی کا پروگرام ہے۔ پولیس اصلاحات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کی حکومت پولیس نظام میں اصلاحات لا کر اسے مکمل غیر جانبدار بنائے گی۔ اس کیساتھ ساتھ بلدیاتی نظام میں بھی ضروری تبدیلیاں لائی جائیں گی تاکہ اختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں، تعلیم، انفراسٹرکچر اور صحت سمیت دیگر شعبوں میں بہتری لانے کیلئے دن رات کام کیا جا رہا ہے، پاکستان میں دہشتگردی کے ناسور پر بہت حد تک قابو پا لیا گیا ہے، دہشتگردی کیخلاف اس جنگ میں پاکستان نے ہزاروں قیمتی جانوں کی قربانی دی ہے۔ برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے کہا ہے کہ ان کے والدین کا تعلق پنجاب کے ضلع ساہیوال سے ہے اور پاکستان ان کے دل میں بستا ہے۔
خبر کا کوڈ : 750897
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش