0
Saturday 22 Sep 2018 02:26

بھارت نے ملاقات منسوخ کرکے امن کا ایک اور موقع ضائع کر دیا، دفتر خارجہ

بھارت نے ملاقات منسوخ کرکے امن کا ایک اور موقع ضائع کر دیا، دفتر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے وزرائے خارجہ ملاقات منسوخ کرکے امن کا ایک اور موقع ضائع کر دیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کی جانب سے وزرائے خارجہ ملاقات منسوخ کرنے پر مایوسی ہوئی، بھارت نے ملاقات منسوخ کرکے امن کا ایک اور موقع ضائع کر دیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت نے دوطرفہ ملاقات کی تصدیق کرکے اعلان بھی کیا جبکہ ملاقات کی تصدیق کے 24 گھنٹوں میں منسوخی کا جواز ناقابل فہم ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بی ایس ایف کے اہلکار کی مبینہ ہلاکت ملاقات کے بھارتی اعلان سے 2 روز قبل ہوئی، پاکستان رینجرز نے اہلکار کی ہلاکت سے متعلق بی ایس ایف کو پاکستان کی لاتعلقی سے آگاہ کر دیا تھا اور پاکستان رینجرز نے سپاہی کی لاش تلاش کرنے میں مدد بھی کی، جبکہ بھارتی میڈیا نے بھی سپاہی کی ہلاکت سے متعلق پاکستان کی لاتعلقی کی رپورٹ کی۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام تمام حقائق سے آگاہ تھے، پاکستان کی وضاحت کے باوجود بھارت نے جھوٹا پروپیگنڈا جاری رکھا، تاہم پاکستان بھارتی الزامات ایک بار پھر مکمل طور پر مسترد کرتا ہے اور پاکستان حقائق جاننے کے لئے مشترکہ تحقیقات کے لئے تیار ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت الزامات سے کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم پر پردہ نہیں ڈال سکتا، بھارت نے جن ٹکٹوں کا ذکر کیا وہ 25 جولائی الیکشن سے قبل جاری ہوئیں، برہان وانی کی ڈاک ٹکٹس 25 جولائی انتخابات سے پہلے چھپی تھیں، ڈاک ٹکٹس میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دکھایا گیا، ٹکٹس مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اجاگر کرتی ہیں اور دہشت گردی کا الزام لگا کر بھارت مقبوضہ کشمیرمیں اپنے جرائم نہیں چھپا سکتا۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف بھارتی وزارت خارجہ کا بیان افسوسناک ہے، بھارتی بیان مہذب روایات اور سفارتی آداب کے منافی ہے، بھارت سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر کاربند ہیں، پاکستان مستقبل میں امن کے لئے کوشاں رہے گا، پاکستان اس سے بڑھ کر بھارتی وزارت خارجہ کے بیان پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔
خبر کا کوڈ : 751355
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش