0
Wednesday 26 Sep 2018 15:25

سردار اختر مینگل کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات

سردار اختر مینگل کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سر دار اختر مینگل نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل سمیت ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سردار اختر مینگل سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ بلوچستان کی عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنا اور صوبے سے پسماندگی کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اس وقت ملک کو بیروزگاری، ناخواندگی، توانائی کی قلت، انتہا پسندی اور دہشتگردی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جن کے خاتمے کے لئے قومی یکجہتی اور اتفاق رائے انتہائی ضروری ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے کام کرنا ہوگا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے سردار اختر مینگل کو یقین دلایا کہ بلوچستان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر قومی اسمبلی میں زیر بحث لایا جائے گا۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

سردار اختر مینگل نے اسد قیصر کو اسپیکر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس منصب کے لئے ان کا انتخاب قیادت کا ایک احسن اقدام ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے بلوچستان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا۔ اس صوبے کے عوام کو جو رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، اس کو بنیادی سہولیات تک سے محروم رکھا گیا۔ بلوچستان کی عوام کو موجودہ پارلیمنٹ اور حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ موجودہ حکومت اپنے دور اقتدار میں صوبے سے پسماندگی اور محرومیوں کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے گی۔
خبر کا کوڈ : 752327
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش