0
Wednesday 17 Oct 2018 23:05

وزیراعظم عمران خان نے آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا عندیہ دے دیا

وزیراعظم عمران خان نے آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا عندیہ دے دیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے امید ظاہر کی ہے کہ شاید اب بھی آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پی بی اے، سی پی این ای، اے پی این ایس کے وفود نے ملاقات کی۔ صحافیوں کے وفد نے وزیراعظم عمران خان کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے فوری طور پر اخبارات کے نیوز پرنٹ پر 5 فیصد ڈیوٹی ختم کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے میڈیا کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھ سے زیادہ میڈیا کی اہمیت کا کون معترف ہوسکتا ہے؟ آج میں جس مقام پر ہوں، وہ میڈیا کی ہی مرہونِ منت ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت بری طرح تباہ ہوچکی ہے، جس ادارے میں ہاتھ ڈالتے ہیں، وہ برباد ہوچکا ہے، اتنے قرضے لئے گئے ہیں کہ اب واپس کرنا مشکل ہوگیا ہے، اگر قرضے نہ لئے جاتے یا انہیں صحیح طور پر استعمال کیا جاتا تو ملک کی معاشی حالت بدترین کے بجائے بہترین ہوتی۔

وزیراعظم نے کہا کہ چند دوست ممالک سے مشاورت کر رہے ہیں اور تعاون کی بھی درخواست کی ہے، جس کا مثبت جواب آیا ہے، میں پوری طرح سے پرامید ہوں کہ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس نہیں جانا پڑے گا، سخت فیصلوں کے بعد آئندہ 6 ماہ میں عوام کو اچھی خبریں ملیں گی اور بہت کچھ بدل جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ ہمیں اپوزیشن سے اسی قسم کے رویئے کی توقع تھی، کیونکہ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ جب ہم چوروں اور منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں گے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جائے گی، اب تمام اپوزیشن جماعتیں اس لئے یکجا ہیں کہ ان میں سے بہت سے لوگ کرپشن میں ملوث ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پچھلی حکومتوں میں عوامی فنڈز کا غلط استعمال کیا گیا، گھریلو سفری اخراجات کی مد میں سرکاری خزانے کے کروڑوں روپے استعمال ہوئے، 128 ایسے اکاؤنٹ پکڑے گئے جن میں اربوں روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں اور وہ اکاؤنٹس ریڑھی والوں، طلباء، رکشے والوں اور مرحومین کے نام پر چل رہے تھے۔
خبر کا کوڈ : 756448
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش