0
Sunday 21 Oct 2018 10:50

برطانیہ میں یورپی یونین سے علیحدگی کیلئے پھر ریفرنڈم کا مطالبہ

برطانیہ میں یورپی یونین سے علیحدگی کیلئے پھر ریفرنڈم کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ برطانیہ میں یورپی یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) کے خلاف ہزاروں مظاہرین نے برطانوی وزیراعظم سے دوسری مرتبہ ریفرنڈم کا مطالبہ کر دیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تقریبا برطانیہ میں ایک لاکھ افراد نے پارلیمنٹ کی جانب مارچ کیا۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ مظاہرین اپنے ہمراہ پالتو کتے بھی ساتھ لائے تھے۔ پیپلز ووٹ مارچ نامی نتظیم کے زیراہتمام مظاہرے میں لوگوں سے کہا گیا تھا کہ وہ بریگزٹ کا عمل روکنے کے لیے مارچ میں شریک ہوں اور اپنے پسندیدہ پالتو جانور کی تصویر والے لباس زیب تن کریں۔ مظاہرین نے بریگزٹ کے خلاف بینرز اٹھا رکھے تھے اور انتہائی شور اور نعرے بازی کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی طرف مارچ کیا۔ مظاہرے میں شریک ایک چھوٹے تاجر نے بتایا کہ بریگزٹ کے معاملے میں لوگوں کو متعدد طریقوں سے گمراہ کیا گیا۔ ایک معذور خاتون کا کہنا تھا کہ ہم یورپین کا حصہ ہی رہنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب آن لائن پٹیشن میں کہا گیا کہ یورپین ممالک سے علیحدہ ہو کر ہمیں کوئی خاطر خواہ فائدہ نظر نہیں آ رہا، تو کیا بریگزٹ ہو سکتا ہے؟۔

واضح رہے کہ مارچ کا آغاز ہونے سے قبل آن لائن پٹیشن پر 9 لاکھ 50 ہزار دستخط ہو چکے تھے۔ اس سے قبل برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر کہہ چکے ہیں کہ اس بات کے امکانات موجود ہیں کہ برطانیہ یورپی یونین سے علیحدہ نہ ہو جبکہ سنگین اقتصادی حالات سے بچنے کے لیے ’بریگزٹ‘ کو روکنا ناگزیر ہے۔ یاد رہے کہ برطانیہ میں یورپی یونین میں رہنے یا اس سے نکل جانے کے حوالے سے گزشتہ برس 23 جون کو ریفرنڈم ہوا تھا جس میں بریگزٹ کے حق میں 52 جبکہ مخالفت میں 48 فیصد ووٹ پڑے تھے۔

یاد رہے کہ برطانیہ نے 1973ء میں یورپین اکنامک کمیونٹی میں شمولیت اختیار کی تھی تاہم برطانیہ میں بعض حلقے مسلسل اس بات کی شکایات کرتے رہے ہیں کہ آزادانہ تجارت کے لیے قائم ہونے والی کمیونٹی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے رکن ممالک کی ملکی خودمختاری کو نقصان پہنچتا ہے۔ بریگزٹ کے حامیوں کا کہنا تھا کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد ابتداء میں معاشی مشکلات ضرور پیدا ہوں گی تاہم مستقبل میں اس کا فائدہ حاصل ہو گا کیوں کہ برطانیہ یورپی یونین کی قید سے آزاد ہو چکا ہو گا اور یورپی یونین کے بجٹ میں دیا جانے والا حصہ ملک میں خرچ ہو سکے گا۔
خبر کا کوڈ : 756987
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش