0
Sunday 21 Oct 2018 16:11

عزاداری پر قدغن کیخلاف شیعہ جماعتوں نے 23 اکتوبر کو لاہور میں دھرنے کا اعلان کر دیا

عزاداری پر قدغن کیخلاف شیعہ جماعتوں نے 23 اکتوبر کو لاہور میں دھرنے کا اعلان کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پنجاب میں عزاداری کیخلاف پولیس کی جانب سے ہونیوالی سازشوں اور بندشوں کیخلاف آل شیعہ پارٹیز نے دھرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تمام شیعہ جماعتوں کے قائدین اور کارکن 23 اکتوبر بروز منگل مال روڈ پر فیصل چوک میں دھرنا دیں گے۔ دھرنے میں عزاداری کیخلاف لگائی جانیوالی قدغنوں کی مذمت کی جائے گی اور عزداران و بانیان مجالس کیخلاف درج کئے جانیوالے مقدمات کے اخراج تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ ممتاز شیعہ عالم دین علامہ حسن رضا ہمدانی نے "اسلام ٹائمز" سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملت جعفریہ پاکستان کی پُرامن قوم ہے، ہم نے کبھی دہشتگردی کی حمایت نہیں کی بلکہ ہمیشہ دہشتگردی کی مخالفت اور مذمت کرتے رہے ہیں، اس کے باوجود گھر کے اندر ہونیوالی مجالس پر بھی قدغن لگائی گئی اور بے بنیاد مقدمات درج کئے گئے۔
 
علامہ حسن ہمدانی کا کہنا تھا کہ بہاولنگر کے نواحی چک میں خواتین کی مجلس پر ہونیوالی پولیس گردی افسوسناک اور غیرآئینی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھر کے اندر خواتین مجلس برپا کر رہی تھی جس پر پولیس نے دھاوا بول دیا اور خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے کیساتھ ساتھ گھر میں بھی توڑ پھوڑ کی اور اس کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ ریکارڈ پر ہے کہ چاردیواری کے اندر مجلس عزا کیلئے کسی لائسنس یا پرمٹ کی ضرورت نہیں ہوتی، اس کے باوجود پولیس کی جانب سے خواتین کی تذلیل کسی طور برداشت نہیں، ہم دھرنے میں مطالبہ کریں گے کہ خواتین کی مجلس پر حملہ کرنیوالے پولیس کے ذمہ داروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں نوکریوں سے برخاست کیا جائے۔
 
انہوں نے کہا کہ دیگر شہروں میں بھی مجلس کے انعقاد پر بے بنیاد مقدمات درج کئے گئے ہیں اور عزاداروں کو بلاوجہ ہراساں کیا جاتا ہے جس کو کسی طور برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے علاقے میں ایک زائرہ پر بھی پولیس نے یزیدی اہلکار نے گاڑی چڑھا کر شہید کردیا، اس کیخلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان بنایا تھا، آئین ہمیں مکمل مذہبی آزادی دیتا ہے، مگر پنجاب پولیس میں موجود چند یزید صف افسران کو یاد حسینؑ سے تکلیف ہوتی ہے، اس لئے وہ مقدمات درج کرلیتے ہیں اور عزاداروں کو ہراساں کرتے ہیں۔ ان کیخلاف کارروائی تک احتجاج جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 757076
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش