0
Monday 22 Oct 2018 12:40

اردن نے اسرائیل سے اراضی واپس لینے کا فیصلہ کر لیا

اردن نے اسرائیل سے اراضی واپس لینے کا فیصلہ کر لیا
اسلام ٹائمز۔ اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے سے متعلق اراضی کی لیز ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہ عبداللہ نے ٹوئٹ کیا کہ دونوں علاقوں الباقورہ اور غمرہ ہماری اولین ترجیحات ہیں اور ان علاقوں کو امن معاہدے سے خارج کرنے کا فیصلہ خالصتا اردن اور اردن کے لوگوں کی قومی مفاد میں کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے 25 برس قبل معاہدہ کے تحت دونوں علاقوں کی لیز حاصل کی تھی جس کی مدت 25 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے۔ دونوں ہی علاقے اردن اور اسرائیل کی سرحد پر واقع ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اردن سے لیز کی توسیع کے لیے مذاکرات کیے جائیں گے، اس میں کوئی شک نہیں معاہدہ ایک قیمتی اثاثہ ہے اور اردن اور مصر کے ساتھ معاہدے خطے میں استحکام کی کڑی ہیں۔

واضح رہے کہ اردن کے شاہ عبداللہ دوم کو پارلیمنٹ میں لیز کی توسیع سے متعلق سخت دباؤ کا سامنا ہے اور 87 قانون سازوں نے اردون کی زمین واپس لینے کے لیے پٹیشن پر بھی دستخط کیے ہیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے مظاہرین نے مارچ میں اردن کے شاہ سے مطالبہ کیا کہ لیز پر دیے گئے خطے واپس لیے جائیں۔ متعدد مظاہرین نے مطالبہ کیا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ ہی منسوخ کر دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 757246
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش