0
Tuesday 23 Oct 2018 18:22

پی ٹی آئی کی خاتون رکن نے شوہر کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا

پی ٹی آئی کی خاتون رکن نے شوہر کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقہ فقیر آباد میں گھریلو ناچاقی پر بیوی نے فائرنگ کرکے اپنے شوہر کو زخمی کر دیا۔ ملزمہ واردات کے بعد فرار ہوگئی۔ پولیس کے مطابق خاتون تحریک انصاف کی جانب سے ٹاؤن کونسل کی رکن ہے۔ گذشتہ روز فقیر آباد تھانے کی حدود میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں سید محمد طارق خان نامی شہری زخمی ہوگیا۔ زخمی نے ہسپتال میں پولیس کو بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا ہے کہ گھریلو ناچاقی پر اُس کی اہلیہ ناراض ہوکر گلبہار کے علاقہ میں اپنے میکے گئی ہوئی تھی۔ گذشتہ روز وہ گھر میں موجود تھا کہ اس دوران اُس کی اہلیہ نازک بی بی اپنے رشتہ دار احمد ولد مسعود کے ہمراہ موٹرسائیکل پر گھر آگئی اور اُس کے ساتھ تکرار شروع کر دی اور پستول سے اُس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔

ملزمہ اپنے ساتھی سمیت فرار ہوگئی جبکہ پولیس نے دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے ملزمہ تحریک انصاف کی سرگرم کارکن اور ٹاؤن کونسل کی رکن ہے۔ اس کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ گذشتہ ماہ تحریک انصاف کے بلدیاتی نمائندوں نے پشاور میں ایک اسکول کے عملہ پر تشدد کیا تھا۔ پولیس کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماء کی رشتہ لڑکی میٹرک امتحان میں فیل ہوگئی تھی جس کا غصہ انہوں نے اسکول انتظامیہ پر نکالا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما اسکول عملہ پر تشدد کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسکول میں گھس کر چوکیدار کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اساتذہ کے ساتھ بدتمیزی کی۔
خبر کا کوڈ : 757485
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش