0
Friday 16 Nov 2018 08:12

نوجوان اپنے قوم کو آزاد کرنے میں کلیدی رول ادا کریں، سید علی گیلانی

نوجوان اپنے قوم کو آزاد کرنے میں کلیدی رول ادا کریں، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ ہمیں اپنے گھر میں محصور کرکے نہ تو کسی شہید کے جنازے میں اور نا ہی متاثرین کے گھر حاضر ہونے کی اجازت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور فورسز کے کڑے حصار میں ہماری رہائشگاہ کو عملاً ایک جیل خانے میں تبدیل کیا گیا ہے۔ ایک عوامی اجتماع سے موت و حیات کے فلسفے پر روشنی ڈالتے ہوئے حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا کہ ہر ذی نفس کو موت کا پیالہ لینا ہی پڑے گا اور اس سے کسی کو بھی فرار حاصل نہیں ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موت ایک ایسی اٹل اور ناقابل تردید حقیقت ہے جس سے کسی کو بھی انکار کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ ہماری خون آشام تحریک ہم سے من حیث القوم یکجہتی، یکسوئی اور خلوص سے اس مشن کی آبیاری کا تقاضا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معمولی اور ذاتی مراعات کی خاطر اپنی اس مقدس تحریک کو سبوتاژ کرنے کی مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی کے بارے میں سوچنے کا تصور بھی نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کا تاریخی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت کا کوئی بھی خطہ چھیننے کی بات نہیں کرتے ہیں، بلکہ صرف اور صرف اپنے بنیادی حقوق اور اپنے غصب شدہ حق، حقِ خودارادیت کا جائز اور مبنی برحق مطالبہ کرتے ہیں، لیکن قوت اور طاقت کے نشے میں چور بھارت کے متکبرانہ حکمران پورے لاؤ لشکر اور فوجی حرب و ضرب کے ساتھ اس آواز کو دبانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔

سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ ہماری چوتھی نسل کو اس بے یقینیت اور سیاسی انتشار کی آگ میں جھونکتے ہوئے پورے خطے کے امن کو تاراج کرنے پر تُلے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو یقین محکم کی تلقین کرتے ہوئے تمام اخلاقی اور سماجی بے راہ رویوں کی لعنت سے دور رہنے کی اپیل کی اور انہیں دشمن کے بہکاوے میں آنے کے بجائے قرآن و سنت سے اپنی زندگیوں کو روشن کرکے غلامی کی ان تکلیف دہ زنجیروں سے اپنے قوم کو آزاد کرنے میں کلیدی رول ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 761494
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش