0
Wednesday 5 Dec 2018 19:32

امریکہ و اسرائیل سعودی عرب کو بدنام کرنیکی کوشش کر رہے ہیں، عبدالغفور راشد

امریکہ و اسرائیل سعودی عرب کو بدنام کرنیکی کوشش کر رہے ہیں، عبدالغفور راشد
اسلام ٹائمز۔ تحفظ حرمین شریفین کونسل کے چیئرمین اور ناظم ذیلی تنظیمات مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب امت مسلمہ کے دل کی آواز اور ایمانی قوت ہے، جبکہ امریکی اور اسرائیلی لابی سعودی عرب کو بدنام کرنے کیلئے حیلے بہانے تلاش کرتی رہتی ہے، اس حوالے سے کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیئے کہ بیت اللہ اور حرم نبوی کی وجہ سے سعودی عرب امت مسلمہ کا ایمانی مرکز ہے، بادشاہ وقت اور ولی عہد محمد بن سلمان کے دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ لاہور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی سرزمین پر قابض ناجائز ریاست اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی امکان نہیں، سعودی عرب نے نہ صرف موجودہ پاکستانی حکومت کیساتھ مالی تعاون کیا ہے بلکہ گذشتہ حکومتوں کے ساتھ بھی اچھے تعلقات رہے ہیں، ارض حرمین سعودی عرب کی طرف کسی کو میلی آنکھ بھی نہیں دیکھنے دیں گے، اس حوالے سے مختلف سیمینارز منعقد کئے جائیں گے، تاکہ امت مسلمہ کو نئے حالات سے آگاہ کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحفظ حرمین شریفین کونسل کسی ملک یا طبقے کیخلاف نہیں، ہمارا پیغام محبت ہے، جس کی بنیاد کلمہ طیبہ اور حرمین شریفین کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت زہر قاتل ہے، تکفیر اور مخالف فرقوں کیخلاف کفر کے فتووں نے امت مسلمہ کو کمزور کیا ہے، مذہب کے لبادے میں کچھ عناصر کی طرف سے تکفیریت اور جیتے جاگتے لوگوں کو واصل جہنم کرنے کے فتووں کیخلاف جدوجہد کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ناموس رسول (ص) کے تحفظ، ختم نبوت کی پاسبانی، گلستان اسلام کی آبیاری، حرمین شریفین کے دفاع، خدام حرمین سے مکمل طور پر اظہار یکجہتی، بین المذاہب ہم آہنگی، بین المسالک رواداری اور قومی و ملی اصول و ضوابط کی پاسداری تحفظ حرمین شریفین کونسل کا مشن ہے۔
خبر کا کوڈ : 765056
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش