0
Friday 4 Jan 2019 19:33

پارلیمنٹ ہاؤس، سپریم کورٹ بھی بجلی بحران کی لپیٹ میں آ گئے

پارلیمنٹ ہاؤس، سپریم کورٹ بھی بجلی بحران کی لپیٹ میں آ گئے
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں جاری بجلی کا بحران ریڈ زون بھی پہنچ گیا، پارلیمنٹ ہاؤس اور سپریم کورٹ سمیت اہم عمارتوں سے لوڈشیڈنگ کے باعث بجلی غائب ہو چکی ہے۔ حساس علاقوں میں لوڈشیڈنگ سے متعلق اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ترجمان کا مؤقف ہے کہ ٹرانسمیشن لائنز پر ٹرپنگ کی وجہ سے آئیسکو ریجن میں بجلی کی طلب اور رسد میں فرق آ گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی فراہمی میں کمی کو پورا کرنے کیلئے لوڈ منیجمنٹ  کیا جارہی ہے اور مسئلے پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق آئیسکو کے پانچوں سرکلز میں مختلف دورانئے کی لوڈ منیجمنٹ کی جا رہی ہے۔ ملک بھر میں بجلی کا بحران ایک بار پھر شدت سے سر اٹھا رہا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب اور رسد میں فرق آنے سے شارٹ فال 2800 میگا واٹ تک جا پہنچا ہے۔ دوسری طرف ذرائع وزارت توانائی کے مطابق بجلی کی پیداوار طلب سے زیادہ ہے لیکن ٹرانسمیشن لائنز کی ٹرپنگ کی وجہ سے ترسیلی نظام میں خلل آیا ہے۔ خیال رہے کہ بجلی کی ترسیل کی ذمہ دار کمپنیاں لیسکو، آئیسکو، میپکو اور فیسکو طویل لوڈشیڈنگ کر رہی ہیں اور بعض علاقوں میں یہ دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 770207
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش