0
Tuesday 22 Jan 2019 14:33

عمران حکومت میں ملک ڈوبتا دیکھ رہا ہوں، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ

عمران حکومت میں ملک ڈوبتا دیکھ رہا ہوں، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں ملک کو ڈوبتے دیکھ رہا ہوں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں دوران اجلاس وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کراچی سرکلر ریلوے اور سی پیک سے متعلق منصوبوں پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیوں کو بینک گارنٹی دینے کیلئے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی حکومت کو متعدد خطوط لکھے ہیں، لیکن ان کے جواب نہیں دیئے جا رہے، اس سے اندازہ لگا لیں کہ ان کی کراچی میں کتنی دلچسپی ہے، ہفتہ بھر پہلے بھی وزیراعظم کو کے سی آر سے متعلق خط لکھا ہے، میں اس لیے خط لکھتا رہتا ہوں کہ شاید کبھی تو اثر ہوگا۔ مراد علی شاہ نے الزام لگایا کہ ان کا نام چین جانے کی وجہ سے ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے اور وفاقی حکومت کو میرے دورہ چین پر اعتراض تھا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ وفاق کے تعاون کے بغیر بننا ممکن نہیں ہے، ریلوے سے الگ ہماری لڑائی چل رہی ہے، ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں، لیکن ہم قرض لیکر اس منصوبے کیلئے 15 فیصد پیسے دینے کیلئے تیار ہیں۔ ایوان میں اظہار خیال کرتے کرتے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ جذباتی ہوگئے اور کہا کہ لوگوں کو سولی چڑھانا، مرنا مارنا بند کریں، اپنے ووٹروں کیلئے کام کریں، جنہوں نے آپ کو ووٹ دیا۔ اہنوں نے کہا کہ ملک کی معاشی حالت بہت خراب ہے، میں اس حکومت میں ملک کو ڈوبتے دیکھ رہا ہوں، اس حکومت کا اب صرف یہی کام رہ گیا کہ اس کو مار دو، اس کو پکڑ لو۔ وزیراعلیٰ کی تقریر پر اپوزیشن ارکان اسمبلی نے احتجاج اور خوب شور شرابہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 773534
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش