0
Friday 25 Jan 2019 12:04

حافظ آباد، گیس لیکج دھماکہ، 12 سالہ لڑکا جاں بحق اور 4 افراد زخمی

حافظ آباد، گیس لیکج دھماکہ، 12 سالہ لڑکا جاں بحق اور 4 افراد زخمی
اسلام ٹائمز۔ صوبہ پنجاب کے شہر حافظ آباد میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے سے مکان کی دیواریں گرگئیں، جس کے نتیجے میں 12 سالہ لڑکا جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حافظ آباد میں ریلوے لائن کے ساتھ محلہ گلزار پورہ میں محمد خالد نامی شخص کے گھر میں رات کو لیکج کی وجہ سے گیس جمع ہوگئی، صبح خالد کی بہن نے ماچس جلائی تو آتشزدگی کے ساتھ زوردار دھماکا ہوگیا۔ دھماکے سے مکان کی دیواریں اور چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں خالد کا 12 سالہ بیٹا اسد موقع پر جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو پہلے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا اور پھر حالت تشویش ناک ہونے کے باعث لاہور کے جناح اسپتال ریفر کردیا گیا۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پنجاب میں گیس لیکج سے ہلاکتوں کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔ رواں ماہ 19 جنوری کو راولپنڈی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں ایک گھر میں آتشزدگی کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس ماہ کی  15 تاریخ کو بھی راولپنڈی میں شادی والے گھر میں آگ لگنے سے دلہن سمیت 5 خواتین جاں بحق ہوگئی تھیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گھر میں آگ گیس کا کمپریسر پھٹنے سے لگی تھی۔

 
خبر کا کوڈ : 774112
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش