0
Wednesday 6 Feb 2019 21:36

پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کے لیے روسی کمپنی سے معاہدہ ہوگیا ہے، غلام سرور خان

پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کے لیے روسی کمپنی سے معاہدہ ہوگیا ہے، غلام سرور خان
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا ہےکہ پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کے لیے روسی کمپنی سے معاہدہ ہوگیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ روسی کمپنی پاکستان میں 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرےگی، انٹراسٹیٹ گیس سسٹم اور گازپروم کمپنی میں معاہدہ ہوگیا۔ غلام سرور خان نے بتایا کہ روسی کمپنی پاکستان میں تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے گی، یہ معاہدہ پاکستان روس باہمی تعاون کی روشن مثال ہے۔ وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ملک کو روزانہ 500 ملین سے 1بلین کیوبک فٹ گیس فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ گیس سمندرکے راستے پاکستان پہنچائی جائے گی، جبکہ گیس پائپ لائن کی تعمیر3 سے 4 سال میں مکمل کی جائیگی۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن میں روسی وفد نے وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور روس کے درمیان تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار سے متعلق بیشتر امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر روسی وفد میں شامل گازپروم کمپنی کے سربراہ ویٹیلی اے مرکالوف اور انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم پاکستان کے مینیجنگ ڈائریکٹر مبین صولت نے انٹر کارپوریٹ معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت روسی کمپنی گازپروم، پاکستان میں ماورائے ساحل تیل و گیس کی تلاش و پیداوار کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہے۔ اس معاہدے کے تحت روسی کمپنی مشرق وسطیٰ سے گیس، مالیکیولز پائپ لائن کے ذریعے پاکستان لائے گی۔ اس بات کا بھی امکان ہے کہ مشرق وسطیٰ سے پائپ لائن کے ذریعے برآمد کیے گئے یہ مولیکیول، جنوبی ایشیائی ممالک تک لے جائے جا سکتے ہیں۔ 

علاوہ ازیں روسی کمپنی پاکستان میں گیس کی زیر زمین ذخیرے سے متعلق سہولیات کی فراہمی میں بھی دلچسپی رکھتی ہے۔ پٹرولیم ڈویژن کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس معاہدے کے تحت روس پاکستان کو روزانہ 50 کروڑ سے ایک ارب کیوبک فٹ گیس فراہم کرے گا، جو سمندری راستے سے پاکستان پہنچائی جائے گی جبکہ پائپ لائن کی تعمیر آئندہ 3 سے 4 سال کے دوران مکمل کر لی جائے گی۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل غلام سرور خان نے روس کی پاکستان میں تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاہدہ پاکستان اور روس کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کا آئینہ دار ہے۔ روسی وفد نے منصوبے کی تکمیل میں بھرپور تعاون اور معاونت فراہم کرنے پر وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ روس پاکستان کے توانائی کے شعبے میں تعاون جاری رکھے گا۔ روسی وفد کے سربراہ ویٹیلی اے مرکالوف نے غلام سرور خان کو روس کا دورہ کرنے کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کر لی۔
خبر کا کوڈ : 776557
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش