0
Saturday 11 Jun 2011 15:25

بحرینی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، علامہ شیخ عیسی قاسم

بحرینی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، علامہ شیخ عیسی قاسم
اسلام ٹائمز- پریس ٹی وی کے مطابق بحرین کے معروف شیعہ عالم دین علامہ شیخ عیسی قاسم نے کہا ہے کہ بحرین میں اصلاحات کی کوئی علامات دیکھنے کو نہیں مل رہیں اور حکومت کی جانب سے مظاہرین اور مذہبی اجتماعات پر حملوں کی پالیسی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل خلیفہ حکومت کی جانب سے اختیار کی گئی پالیسیوں نے مفاہمت اور سمجھوتے کو ناممکن بنا دیا ہے۔
علامہ شیخ عیسی قاسم نے کہا کہ ملک وحشت ناک انداز میں نابودی کی جانب گامزن ہے اور صرف اصلاحات کے فوری نفاذ اور عوام کی رضایت حاصل کر کے ہی اس نابودی سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عام شہریوں پر فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے جانے اور مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کا سلسلہ جاری رہے گا حکومت کے ساتھ گفتگو اور مذاکرات کے تمام دروازے بھی بند رہیں گے۔
یاد رہے بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسی بن سلمان آل خلیفہ نے حال ہی میں مخالفین کے ساتھ گفتگو کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ملک میں اصلاحات کا نفاذ بھی ان مذاکرات کا حصہ ہو گا۔ لیکن اس کے باوجود بحرین میں ملکی اور غیرملکی مخصوصاً سعودی سیکورٹی فورسز کی جانب سے عام شہریوں کے خلاف طاقت کے کھلے استعمال کا سلسلہ جاری ہے۔ بحرین میں 14 فروری 2011 سے شروع ہونے والی عوامی انقلابی تحریک جسکا مقصد ملک میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی بحالی ہے، کے دوران اب تک بحرینی سیکورٹی فورسز نے سعودی اور بعض دوسری غیرملکی سیکورٹی فورسز کی مدد سے ہزاروں عام شہریوں، طلباء و طالبات، ڈاکٹرز، نرسز، صحافیوں، لیڈی ڈاکٹرز اور انسانی حقوق کیلئے سرگرم افراد کو گرفتار کر کے انہیں شدید ٹارچر کا نشانہ بنایا ہے۔ کئی افراد اس وحشیانہ اور غیرانسانی تشدد کے نتیجے میں جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اسکے علاوہ اب تک دسیوں بے گناہ افراد ان فورسز کے ہاتھوں قتل ہو چکے ہیں۔ عام شہریوں پر فوجی عدالت میں مقدمے چلائے جا رہے ہیں اور حتی ڈاکٹرز اور نرسز کو زخمیوں کا مداوا کرنے کے جرم میں 20 سال تک قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
ان تمام ظالمانہ اقدامات کے باوجود بحرینی عوام کا احتجاج اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ عوام ہر روز سڑکوں پر نکل کر آل خلیفہ کے آمرانہ بادشاہی نظام کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں اور ہر بار بحرینی اور سعودی ہرکاروں کے ظلم و ستم کا نشانہ بنتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 78153
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش