0
Friday 8 Mar 2019 23:31

نانگاپربت پر لاپتہ ہونے والے دو غیرملکی کوہ پیماوں کی تلاش روک دی گئی

نانگاپربت پر لاپتہ ہونے والے دو غیرملکی کوہ پیماوں کی تلاش روک دی گئی
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کی دوسری بڑی چوٹی نانگا پربت کو سر کرنے کی کوشش کے دوران لاپتہ ہونے والے دو کوہ پیماوں کی تلاش روک دی گئی۔ ذرائع کے مطابق برطانوی کوہ پیماء ٹام بالارڈ اور اطالوی کوہ پیماء ڈینیل نردی نانگاپربت المعروف قاتل پہاڑ کو سر کرنے کی کوشش میں گزشتہ مہینے کی 24 تاریخ سے لاپتہ تھے، جن کی تلاش کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے تاہم پاک بھارت سرحدی کشیدگی کے باعث مزید ہوائی جہازوں کے اڑانے میں مشکلات پیش آتی رہیں۔ متعلقہ اداروں اور ذمہ داران کی جانب سے تلاش کے لئے ہیلی کاپٹر، ڈرون اور کیمروں کی مدد لی گئی تاہم کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا۔ جمعرات کے روز تلاش کرنے والی ٹیم نے مشن ختم کرنے سے قبل آخری کوشش کی لیکن مشن ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق پاک بھارت سرحدی کشیدگی، موسم کی خراب صورتحال اور برف کے تودوں کے مسلسل خطروں کی وجہ سے لاپتہ کوہ پیماوں کی تلاش میں رکاوٹ رہی۔ ذرائع کے مطابق دونوں لاپتہ کوہ پیماوں سے آخری بار نانگا پربت کے بیس کیمپ نمبر تین سے رابطہ ہوا تھا جس کے بعد رابطہ نہیں ہوسکا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی درجنوں کوہ پیماء نانگا پربت پہاڑ کو سرکرنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جس کی وجہ سے اسے قاتل پہاڑ بھی کہا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 782159
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش