0
Friday 5 Apr 2019 16:56

حکومت کہیں نہیں جارہی بلکہ آصف زرداری جیل جارہے ہیں، عمران خان

حکومت کہیں نہیں جارہی بلکہ آصف زرداری جیل جارہے ہیں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جارہی بلکہ آصف زرداری جیل جارہے ہیں۔ جمرود میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں پہلا شخص تھا جس قبائلی علاقوں میں فوج بیجھنے کی مخالفت کی تھی، فوج کو بھیجنے کی وجہ فوج اور قبائلی عوام دونوں کے ساتھ زیادتی کی گئی، 1948 میں قبائل نے کشمیریوں کا ساتھ دیا جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی قبائلیوں نے بے پناہ قربانیاں دیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جعلی اکاونٹس کیس میں سو ارب روپے باہر گیا، شریف خاندان کا بھی سو ارب باہر گیا، یہ پہلے دن سے کہے رہے ہیں کہ ہم ناکام ہوگئے ہیں، ان کے دباؤ کا مقصد این آر او ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن بھی ملین مارچ کی بات کررہے ہیں، الیکشن میں ان کی وکٹ اڑ گئی، کلین بولڈ ہوگئی، سارا دن فیلڈنگ کی اور جب پہلی بال پر آوٹ ہوجائے تو کہتے ہیں نہ کھیلنا ہے اور نہ ہی کسی اور کو کھیلنے دینا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اسحاق ڈار باہر بھاگا ہوا ہے اور وہاں سے کہتا ہے معیشت خراب ہے، جس سے پوچھو پیسہ کدھر سے آیا، تین بار کے وزیراعظم کا بیٹا کہتا ہے میں کیوں جواب دوں، برطانوی شہری ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس کوئی عوامی عہدہ نہیں تھا لیکن میں نے چالیس سارے پرانے معاہدے دکھائے، یہ نہیں کہا کہ جمہوریت خطرے میں ہے، ان سے جواب طلب کرو تو کہتے ہیں نظام خطرے میں ہے۔ اسحاق ڈار مسلم لیگ (ن) کے دور میں فرار ہوا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جو پیسہ چوری کیا ہے اس کا جواب دینا ہے، اگر جیل سے بچنا ہے تو اس کیلئے قوم کا پیسہ واپس کرو تاکہ ہم اپنے لوگوں کو غربت سے نکال سکیں، یہ سمجھتے ہیں جلسوں سے عمران خان بلیک میل ہوگا، لیکن میں چوروں کے احتساب کیلئے ہی حکومت میں آیا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں جو نقصان ہوا ہے اس کا کسی کو اندازہ نہیں ہوا، پوری کوشش کروں گا کہ آپ کے کاروبار چلیں اور آپ کا نقصان پورا ہو، نوجوانوں کو سود کے بغیر قرضے ملیں تاکہ وہ اپنے کاروبار چلاسکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم خیبر میں پانی کی فراہمی کیلئے جبہ ڈیم بنائیں گے، اس ڈیم سے 10 لاکھ لوگوں کو پینے کا پانی ملے گا، کاشت کاروں کو پانی فراہم کرنے کیلئے باڑہ ڈیم بھی بنائیں گے، واٹرسپلائی اسکیم بھی بنائیں گے اور خیبر میں 12 بائی پاس بناکر دیں گے جبکہ طورخم کی بارڈر کو 24 گھنٹے کھولنے کی اجازت دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں افغانستان میں امن کیلئے دعا گو ہوں، میرا مشورہ افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں، افغانستان میں امن ہمارے اپنے مفاد میں بھی ہے، تجربے کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں کہ افغانستان میں عبوری حکومت سے الیکشن کرایا جائے کیوں کہ اگر کسی جماعت نے الیکشن کا نتیجہ نہ مانا تو وہاں پھر انتشار ہوگا، عبوری حکومت سے الیکشن پر کوئی انگلی نہیں اٹھائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جتنا میرے بس میں ہے میں وہ چیزیں آپ کو دوں گا، پاکستان کی تاریخ کا سب سے مشکل معاشی مرحلہ آج ہے، جب ہمارے 5 سال پورے ہوں گے تو ہمارا دیگر حکومتوں سے موازنہ ہوگا، 2008ء میں پی پی حکومت آئی تو قرضہ 6 ہزار ارب روپے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے تھے سابق حکمرانوں کو معاشی حالات کا تجربہ تھا تاہم انہیں تو منی لانڈرنگ اور چوری کرنے کا تجربہ تھا، ان کے دو ادوار میں پاکستان کا قرضہ 6 ہزار ارب سے 30 ہزار ارب روپے پہنچ گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کل مخالفین نے پیسے دیکر لوگوں کو جلسے کیلئے بلایا، جلسے میں 200 اور 500 روپے دیکر لوگوں کو لایا گیا، آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری اسلام آباد میں ملین مارچ کی دھمکی دے رہے ہیں، یہ ملین مارچ کریں کنٹینر میں دوں گا جبکہ روز کہا جارہا ہے کہ حکومت جارہی ہے، حکومت کہیں نہیں جارہی بلکہ آصف زرداری جیل جارہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 786998
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش