0
Wednesday 10 Apr 2019 22:32

حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت بری طرح تباہ ہوچکی ہے، ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ

حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت بری طرح تباہ ہوچکی ہے، ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ
اسلام ٹائمز۔ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ سینئر بلوچ قوم پرست رہنماء ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ نے پلیجو ہاؤس قاسم آباد میں عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری وسند تھری ایڈوکیٹ اور مرکزی میڈیا سیکریٹری نور احمد کاتیار سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے ملکی باالخصوص سندھ اور بلوچستان کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا۔ وسند تھری ایڈوکیٹ نے کہا کہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معیشت بری طرح تباہ ہوچکی ہے، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان پر 99 ارب 31 کروڑ ڈالر کا قرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سامراج اداروں اور غیر ملکی قرضوں کی وجہ سے مہنگائی عروج پر ہے، ملک کے غریب طبقے کے پاس ایک وقت کی روٹی کھانے کے لئے نہیں ہے، سندھ میں غربت اور افلاس کی وجہ سے نچلے طبقے کے افراد خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام دشمن حکمرانوں نے ایک سازش کے تحت سندھی اور بلوچ عوام کے وسائل کو لوٹا ہے اور انہیں حق حکمرانی سے محروم کر دیا ہے، سندھی اور بلوچ عوام کا اتحاد قائم کر کے بنیادی حقوق حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ عبدالحئی بلوچ نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے بجائے ایک مخصوص مراعات یافتہ طبقہ حکمرانی کر رہا ہے، ملک میں ووٹ کے تقدس کو پامال کیا گیا ہے، جب تک ملک میں آزاد اور خودمختار الیکشن کا نظام قائم نہیں ہوگا اور آزاد الیکشن نہیں ہوگی تب تک ملک میں حقیقی جمہوریت بحال نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ اور سندھی عوام کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، اس سلسلے میں نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی اپنا اہم کردار ادا کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 788021
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش