0
Tuesday 16 Apr 2019 17:34

مہنگائی کے پیش نظر نجی اور سرکاری تمام ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے، شہباز شریف

مہنگائی کے پیش نظر نجی اور سرکاری تمام ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے رمضان کی آمد کے پیش نظر حکومت سے نجی اور سرکاری تمام ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوری ریلیف نہ دیا گیا تو عوام کیلئے ماہ صیام گزارنا ممکن نہیں ہوگا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کے پیش نظر نجی اور سرکاری تمام ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر کم از کم تنخواہ 18 ہزار کی جائے اور 3 ہزار تنخواہ میں اضافہ کیا جائے، جبکہ ایک لاکھ تک ماہانہ کمانے والوں کی تنخواہ میں 20 فیصد اضافہ کیا جائے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ تنخواہ میں اضافے پر عمل کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں، اضافہ نجی اور سرکاری دونوں شعبہ جات کے ملازمین کو دیا جائے، فوری ریلیف نہ دیا گیا تو عوام کیلئے ماہ صیام گزارنا ممکن نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا مہنگائی اور افراط زر کی شرح ہمارے دور میں کم ترین 3 فیصد تھی، آج مہنگائی اور  افراط زر کی شرح 9.4 فیصد ہوچکی ہے، ان حالات میں غریب اور تنخواہ دار طبقہ مہنگائی کے بوجھ تلے پس چکا ہے۔ خیال رہے کہ حکومت نے مہنگائی میں اضافے کی روک تھام کیلئے قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی، اہم اشیائے خورد و نوش کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے مضبوط نظام بنانے کا فیصلہ کیا اور کہا تھا کہ قیمتیں بڑھنے کا باعث بنے والے کارٹلز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 788938
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش