0
Sunday 12 May 2019 20:09

موجودہ حکومت میں بھی سانحہ ماڈل ٹاون کا انصاف ملتا دکھائی نہیں دےرہا، طاہرالقادری

موجودہ حکومت میں بھی سانحہ ماڈل ٹاون کا انصاف ملتا دکھائی نہیں دےرہا، طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو حصول انصاف کیلئے جن مشکلات کا سامنا سابق دور حکومت میں تھا وہ آج بھی ہے، موجودہ حکومت میں بھی سانحہ ماڈل ٹاون کا انصاف ہوتا دکھائی نہیں دے رہا، شہداء کے ورثاء کیلئے کچھ نہیں بدلا، جنہوں نے 17 جون کے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ظلم و بربریت کیخلاف احتجاج کیاتھا ان تمام کو سزائیں سنا دی گئیں اور وہ جیلوں میں بند ہیں جبکہ جنہوں نے بے گناہ شہریوں کو قتل کیا اور قتل عام کا حکم دیا وہ آزادانہ گھوم رہے ہیں، ان سے کوئی باز پرس کرنے والا نہیں۔

لاہور میں رہنماؤں کے اجلاس سے استنبول سے آڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے  کہا کہ یہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ قتل عام کے بہیمانہ واقعات میں بھی پانچ پانچ سال تک مظلوموں کی آواز نہیں سنی جاتی، قانون، مظلوموں کی داد رسی کی بجائے قاتلوں، ظالموں، جابروں اور پیسے والوں کو ریلیف کے راستے مہیا کرتا ہے۔
 
 انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے حوالے سے مظلوم خاندان پانچ سال قبل جہاں کھڑے تھے وہیں آج کھڑے ہیں، انصاف میں رتی برابر پیش رفت نہیں ہوئی۔ شہدائے ماڈل ٹاون کے ورثاء کیلئے کچھ نہیں بدلا۔ انھوں نے کہا کہ ہم شہداء کے ورثا کے ساتھ کھڑے ہیں اور عدالتوں سے انصاف مانگ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری پاکستان آنے کیلئے کینیڈا سے استنبول پہنچ گئے ہیں جہاں وہ مولائے روم کے مزار پر حاضری دیں گے اور چند روز قیام کے بعد رمضان المبارک کے دوسرے عشرہ میں پاکستان پہنچیں گے اور شہر اعتکاف میں شریک ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 793817
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش