0
Friday 17 May 2019 21:29
ژالہ باری سے باغات کو شدید نقصان

بلوچستان، مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشیں، 2 افراد جانبحق

بلوچستان، مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشیں، 2 افراد جانبحق
اسلام ٹائمز۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشیں کوئٹہ میں دیوار اور مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت دو افراد جان بحق ہو گئے، کان مترزئی کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری بھی ہوئی، متعدد اضلاع میں رہائشی مکانات کی دیواریں مہندم ہوگئیں، ندی نالوں میں طغیانی سے متعدد اضلاع میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ قلات کے مقام پر سڑک پر سے سیلابی ریلے گزرنے سے کوئٹہ کراچی شاہراہ ٹریفک کے لئے بند کردی گئی۔ تربت میں تین تیل بردار گاڑیاں شاہاپ ندی میں بہہ گئیں۔ پنجگور کے اکثر علاقوں میں رابطہ سڑکیں پانی میں بہہ گئیں۔ متعدد اضلاع میں گندم، پیاز، مرچ، بادام، سیب چیری، آڑو، خوبانی اور بلیک امبر کی فصلوں اور درختوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، بارشوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہیگا۔ ہرنائی کھوسٹ ندی میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، گاڑی میں سوار دو افراد کو بچالیا، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے محکمہ پی ڈی ایم اے کو الرٹ رہنے کی ہدایات کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایران سے طوفانی بارشوں کی نئی لہر بلوچستان میں داخل ہونے کے بعد جمعرات کے روز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ، بولان، پشین، قلعہ عبداللہ، دکی، ہرنائی، سنجاوی، زیارت، کان مہترزئی، دالبندین، مستونگ، آواران، جھاؤ، قلات، پنجگور، تربت سمیت بلوچستان کے متعدد اضلاع میں ہونے والی بارشوں اور ژالہ باری نے تباہی مچادی۔ کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس بھوسہ منڈی میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں۔ کوئٹہ کے علاقے سریاب میں سریاب میں دیوار گرنے سے عمران نامی مستری جان بحق ہوگیا، مشرقی بائی پاس، مسلم اتحاد کالونی، بھوسہ منڈی، گنج پیڑی، موسٰی کالونی، خلجی کالونی، بڑیچ آباد، کیچی بیگ، کلی دیبہ، قمبرانی روڈ، ریلوے کالونی و گردونواح میں نشیبی علاقے زیرآب گئے۔ سریاب روڈ، جان محمد روڈ، فقیر محمد روڈ میں سیوریج کا نظام شدید متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں بارش کا پانی سڑکوں اور گلیوں میں کھڑا ہوگیا ہے۔ مختلف شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی رہیں۔

بلوچستان کے ضلع قلات میں جمعرات کے روز ہونے والی بارشوں سے ندی نالے بپھر گئے۔ گرانی، مرجان، مہلبی و ملحقہ علاقوں میں باغات اور کھڑی فصلیں جن میں گندم پیاز، مٹر، ٹماٹر سمیت دیگر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بندات سیلابی ریلے بہنے سے زمینداروں اور ٹھیکداروں کو کروڑوں روپے کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ سیلابی ریلے کا پانی ٹیوب ویلز میں جانے سے متعدد ٹیوب ویلوں کے سمر سیبل کیبل اور ٹرانسفارمرز جل گئے، پانی گھروں میں داخل ہونے کی وجہ سے لوگ اونچے مقامات پر چڑھ گئے، جبکہ رابطہ سڑکیں سیلابی ریلے میں بہنے سے ملحقہ علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوا، جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر لیویز چیک چوکی میں پانی داخل ہوا، جس سے چوکی میں موجود سامان و چوکی کو نقصان پہنچا جبکہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی سیلابی ریلے کی وجہ سے متاثر ہوئی۔ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ سیلابی ریلے سے آر سی ڈی شاہراہ کو بھی نقصان پہنچا۔ سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے موٹر سائیکل سوار کو لیویز اہلکاروں نے ریسکیو کیا۔

بلوچستان کے ضلع دالبندین کے علاقوں میں طوفانی بارشیں اور ژالہ باری سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، کھڑی فصلیں تباہ اکثر علاقوں کی رابطہ سڑکین پانی میں بہہ گئیں۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں ذرعی تیار فصلیں پیاز، تربوز، خربوزہ، ٹماٹر شدید متاثر ہوئے ہیں۔ بلوچستان کے ضلع تربت سمیت ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں ہونے والی تباہ کن بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، تربت میں بارشوں کے بعد کیچ کور ندی میں پانی کا بڑا ریلہ آنے سے میرانی ڈیم میں جمع ہوگیا، جس سے ڈیم میں پہلے سے موجود پانی کے ذخیرے میں اضافہ ہوا ہے۔ تمپ میں تیزبارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی کے باعث متعدد گھر زیرآب آگئے اور چاردیواریاں گرگئیں۔ کجھور آم کی فصلوں کو شدید نقصان ہوا،پھل آباد میں قدیم قبرستان بہہ گیا، اسلم عیسی نامی شخص کا گھر گرگیا نیز شاہاپ ندی میں ایران سے آنے والی تین تیل بردار گاڑیاں لاکھوں روپے مالیت کے پٹرول سمیت بہہ گئیں۔ بلوچستان کے ضلع ہرنائی وگردونواح میں بارش کے بعد ندی نالوں میں سیلابی ریلے آنے سے ہرنائی پنجاب شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی ہرنائی کے علاقے کھوسٹ ندی میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی تاہم مقامی لوگوں نے گاڑی میں سوار دو افراد کو بچالیا۔ مستونگ، قلات، بولان، پشین اور دیگر علاقوں سے بھی بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ بلوچستان میں جاری بارشوں کے پیش نظر وزیرداخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیاء اللہ لانگو نے محکمہ پی ڈی ایم اے کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بعض علاقوں میں بارش اور فضاء ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 794822
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش