0
Wednesday 22 May 2019 23:22
آئی ایس او پاکستان کے 47 ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے خصوصی تقریب

شہداء کے لہو کی تاثیر سے آئی ایس او ہمیشہ زندہ رہے گی، سید علی رضا نقوی

شہداء کے لہو کی تاثیر سے آئی ایس او ہمیشہ زندہ رہے گی، سید علی رضا نقوی
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں آئی ایس او پاکستان کے47 ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے قومی مرکز شادمان میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور سابق مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان سید ناصر عباس شیرازی، سابق مرکزی صدر و بانی رہنما سید علی رضا نقوی، سابق بانی رہنما سید امجد کاظمی ایڈووکیٹ، فیض بخش، افسر رضا خان، لعل مہدی خان، سرفراز حسینی، تہور عباس، ایم ڈبلیو ایم لاہور کے سیکرٹر جنرل علامہ حسن رضا ہمدانی، موجودہ مرکزی صدر سید قاسم شمسی سمیت کابینہ کے ارکان سابقین اور سینیئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ تقریب میں آئی ایس او کے قیام سے لیکر اب تک کی جدوجہد پر مبنی خصوصی ڈاکیومنٹری ’’جہد مسلسل‘‘ کی جھلکیاں بھی دکھائی گئیں۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق مرکزی صدر اور بانی رہنما سید علی رضا نقوی کا کہنا تھا کہ آئی ایس او دین مبین کی سربلندی کیلئے سرگرم عمل ہے اور اس کا مقصد بھی یہی تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عقائد کے حوالے سے بہت سی غلط فہمیاں اور غیر اسلامی رسومات در آئی تھیں، جن کے سامنے بند باندھنے کیلئے ایک الہیٰ تنظیم کی ضرورت محسوس کی گئی اور آج اللہ کے فضل و کرم سے وہ تنظیم ایک تناور درخت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس کے قیام سے لیکر اب تک بہت سے نشیب و فراز آئے، لیکن دوستوں کی کاوش سے یہ کشتی ہر منجدھار سے کامیابی کیساتھ باہر نکل آئی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او کی بنیادوں میں شہداء کا خون ہے اور اسی خون کی تاثیر کی بدولت ہی آئی ایس او ہمیشہ کامیاب ہو کامران رہے گی۔

سابق مرکزی صدر اور ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئی ایس او ملت کے باشعور اور باتقویٰ نوجوانوں کی تنظیم ہے جس نے نوجوانوں کو دین کے قریب کیا۔ آئی ایس او نے اس دور میں اپنا لوہا منوایا جب کیمونزم اور نیشنلزم کا طوطی بولتا تھا۔ ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ آئی ایس او نے جہاں تعلیمی میدان میں طلباء کی شاندار انداز میں رہنمائی کی وہیں ملی معاملات میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ یہ سہرا آئی ایس او کے سر ہی ہے کہ جس نے عوام اور علماء کے درمیان حائل فاصلوں کو ختم کیا اور معاشرے میں علماء کی اہمیت کو واضح کرنے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او صالح نوجوانوں کا قافلہ ہے، ایم ڈبلیو ایم ہر محاذ پر آئی ایس او پاکستان کے شانہ بشانہ ہے اور رہے گی۔ تقریب کے آخر میں آئی ایس او کی سالگرہ کی مناسبت سے خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔
خبر کا کوڈ : 795793
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش