0
Monday 3 Jun 2019 21:19

آئی جی نے پنجاب بھر میں عید پر سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کر دی

آئی جی نے پنجاب بھر میں عید پر سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کر دی
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ عیدالفطر پر مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر ہونیوالے عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے تعینات افسران و اہلکار بھرپور محنت، لگن اور فرض شناسی کے جذبے سے ہائی الرٹ ہو کر فرائض منصبی ادا کریں جبکہ سی سی پی او لاہور سمیت تمام سینئر افسران خود فیلڈ میں نکل کر سکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کو بھی یقینی بنائیں تاکہ عوام بلا خوف و خطر مذہبی فرائض کی ادائیگی کے بعد عید کی خوشیاں منا سکیں۔ چاند رات پر پنجاب بالخصوص لاہور سمیت تمام بڑے شہروں میں اہم مارکیٹس اور شاہراہوں پر شہریوں کی سکیورٹی کیلئے اضافی دستے تعینات کئے جائیں جبکہ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کے ذریعے شاہراہوں پر ٹریفک نظام متاثر کرنیوالے عناصر کیخلاف سخت کارروائی میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں سینئر پولیس افسران کو عید سکیورٹی کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس کے دوران ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور بی اے ناصر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ زعیم اقبال شیخ، ڈی آئی جی آپریشن پنجاب کیپٹن (ر )عطا ءمحمد، ڈی آئی جی لاجسٹکس رائے بابر سعید ،ڈی آئی جی سکیورٹی ڈویژن لاہور عمران احمر، ڈی آئی جی آپریشن لاہور اشفاق احمد سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بازاروں، شاپنگ سنٹرز اور مارکیٹوں کی سکیورٹی کیلئے پٹرولنگ فورسز کیساتھ ساتھ سادہ لباس میں اہلکار بھی تعینات کئے جائیں جبکہ بازاروں ، شاپنگ سنٹرز اور مارکیٹوں میں خواتین کو تنگ کرنیوالوں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے اور سٹریٹ کرائمز کے واقعات کی روک تھام کیلئے پٹرولنگ فورسز ڈولفن، پیرو کے گشت کو مزید موثر بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ عید سے قبل لاہور میں زہریلی شراب پینے سے پانچ شہریوں کی ہلاکت کا واقعہ انتہائی پریشان کن ہے لہذا ایس پیز کی زیر نگرانی شراب فروشوں کے خلاف شروع کریک ڈاﺅن میںمزید تیزی لائی جائے اور دیسی ، زہریلی اور کچی شراب بنانے اور اسکی خریدو فروخت میں ملوث عناصر کو فی الفور پابند سلاسل کیا جائے جبکہ اس کریک ڈاﺅن کی روزانہ کی بنیاد پر بننے والی رپورٹ سنٹرل پولیس آفس بھی بھجوائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران لاہور سمیت صوبے کے تمام تفریحی مقامات بشمول پارکس، چڑیا گھروں،پکنک پوائنٹس پر آنے والی فیملیز کے تحفظ کیلئے خواتین اہلکاروں سمیت سیکیورٹی کے اضافی دستے تعینات کئے جائیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے شہریوں کی نگرانی کا عمل ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 797780
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش