0
Tuesday 11 Jun 2019 14:57

ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین لندن میں گرفتار

ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین لندن میں گرفتار
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حسین کو لندن میں گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ نے صبح سویرے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے گھر پر چھاپہ مارا، جس کے بعد انہیں گرفتار کر کے مقامی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔ شمالی لندن میں بانی ایم کیو ایم کی رہائشگاہ پر چھاپے میں 15 پولیس افسروں نے حصہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری ممکنہ طور پر 2016ء کی نفرت انگیز تقریر پر کی گئی ہے۔ میڈیا کے مطابق ایم کیو ایم کے ذرائع نے بھی الطاف حسین کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے ان کے گھر، ایم کیو ایم کے دفتر اور سیکریٹریٹ کی بھی تلاشی لی جا رہی ہے، جبکہ گھر میں موجود ملازمین اور عملے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی کوشش ہے کہ بانی ایم کیو ایم کی جانب سے کی گئی نفرت انگیز تقاریر اور ان سے متعلق مواد اس تلاشی کے دوران برآمد کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق تھوڑی دیر میں لندن پولیس بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کا انٹرویو ریکارڈ کرے گی۔ جنگ کے نمائندے زاہد گشکوری کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے پاکستان کی حکومت کو اس حوالے سے پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا جبکہ الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد بھی پاکستانی حکام کو آگاہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے نے اس بات کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم لندن میں بانی ایم کیو ایم سے تفتیش کرے گی۔ سینئر صحافی اور تجزیہ کار مظہر عباس کا کہنا ہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم پاکستان آئی تھی جسے پاکستانی حکام نے اشتعال انگیز تقاریر کے حوالے سے بانی ایم کیو ایم کے خلاف شواہد فراہم کئے تھے۔
 
خبر کا کوڈ : 798958
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش