0
Saturday 15 Jun 2019 12:39

جعلی اکاؤنٹس کیس، فریال تالپور 9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

جعلی اکاؤنٹس کیس، فریال تالپور 9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں گرفتار پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما فریال تالپور کو 9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو (نیب) کے حوالے کردیا، ذرائع کے مطابق نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار فریال تالپور کو احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کے روبرو پیش کیا تھا اور پی پی پی کی رہنما کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ نیب کے پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے عدالت کو بتایا تھا کہ فریال تالپور زرداری گروپ کی ڈائریکٹر ہیں، ہائیکورٹ سے ضمانت مسترد ہونے پر نیب نے فریال تالپور کو گذشتہ روز گرفتار کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فریال تالپور کو ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کیا گیا تھا، جعلی اکاؤنٹس ریفرنس میں فریال تالپور کا مرکزی کردار ہے۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ زرداری گروپ کے اکاؤنٹ سے 3 کروڑ روپے کی رقم اویس مظفر کے اکاؤنٹ میں بھی منتقل ہوئی اور یہ رقم فریال تالپور کے دستخط سے اویس مظفر کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی تھی۔

انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزمہ فریال تالپور پر کرپشن کا الزام ہے، عدالت ان کا ریمانڈ منظور کرے۔ فریال تالپور کو احتساب عدالت منتقل کیا جارہا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے نیب کی جانب سے فریال تالپور کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے پی پی پی کی رہنما کو 9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ خیال رہے کہ اس موقع پر احتساب عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ فریال تالپور کو احتساب عدالت لے جانے کے لئے خصوصی سکیورٹی اسکواڈ ان کی رہائشگاہ، جسے گذشتہ روز سب جیل قرار دیا گیا تھا، پہنچا تھا۔ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے رہنما، فریال تالپور کی رہائش گاہ کے باہر پہنچے تھے، جن میں شگفتہ جمانی، مہرین بھٹو، سینیٹر کرشنا، رمیش لعل، فرحت اللہ بابر اور دیگر شامل تھے۔
سکیورٹی اسکواڈ میں بکتر بند گاڑی بھی شامل تھی، فریال تالپور کو سخت سکیورٹی میں احتساب عدالت منتقل کیا گیا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 799620
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش