0
Sunday 7 Jul 2019 09:15
ڈی آئی خان میں پی پی پی کا پاور شو

حکومت نے ہماری خودمختاری کا سودا کر لیا ہے، بلاول بھٹو

یہ کیسا نیا پاکستان ہے، جہاں کسان برباد اور تاجر پریشان ہے
حکومت نے ہماری خودمختاری کا سودا کر لیا ہے، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ڈی آئی خان کی دھرتی شہداء کی دھرتی ہے۔ اس مٹی میں میرے کارکنوں کا لہو شامل ہے۔ میں اس دھرتی کا دفاع کرتا رہوں گا اور اس کے لیے مجھے جتنی بھی قربانیاں دینا پڑیں، دریغ نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے حقنواز پارک میں بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان کے دورے پہ تھے۔ کنڈی ماڈل فارم میں ان کے ہیلی کاپٹر نے لینڈ کیا تھا۔ یہاں پہ سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے بعد وہ جلسہ گاہ میں پہنچے تھے۔ جلسہ گاہ میں جیالوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کیلئے موجود تھے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان سمیت قبائلی علاقہ جات میں جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں میرے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور میری والدہ دختر مشرق شہید بے نظیر بھٹو اور میرے بابا آصف علی زرداری کے دور اقتدار میں ہوئے ہیں۔ آج ڈیرہ اسماعیل خان میں آکر اپنے شہید نانا کے دیرینہ رفیق دوست اور پیپلز پارٹی کے پہلے شہید ورکر حق نواز شہید پارک میں ٹھہر کر جلسہ عام سے خطاب کرنے کا موقع مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل کی دھرتی بھی شہیدوں سے بھری پڑی ہے۔ یہ سر زمین شہید حق نواز کی زمین ہے اس میں میرے کارکنوں کا خون شامل ہے، میں اس کا دفاع کرتا رہوں گا، اس لئے ہمیں جتنے بھی قربانیاں دینے پڑیں۔ یہ میرے لئے خوشی اور اعزاز کی بات ہے کہ اسی پارک میں میرے نانا شہید اور میری والدہ شہید بی بی نے ورکرز سے خطاب کیا۔ ہمارے پیاروں کا مقدس لہو دھرتی کے لئے بہا اور جمہوریت کو بچانے کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ ہم جیلوں اور کیسوں سے نہیں ڈرتے۔ عوام نے سلیکٹڈ وزیراعظم کو مسترد کر دیا ہے۔ سلیکٹڈ وزیراعظم نے مہنگائی کے طوفان سے بھرا بجٹ پیش کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ جب ایک ڈکٹیٹر نے میرے نانا کو جھوٹے کیس میں شہید کرایا تو اس کے بعد یہی پختون بھائی تھے خیبر پختونخوا کے جنہوں نے میری والدہ دختر مشرق شہید بی بی کا ساتھ دیا اور انہیں کامیاب کرایا، اگر مظلوموں کا ساتھ دینا بغاوت ہے تو میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ میں مجرم ہوں اور ہاں میں باغی ہوں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں گومل یونیورسٹی، چشمہ رائٹ بنک کینال اور ڈیرہ سے ٹانک تک سوئی گیس کے اہم اور ترقیاتی منصوبے بھی ہمارے دور حکومت میں پایہ تکمیل تک پہنچے۔ میری شہید ماں نے قبائلی لوگوں کے لئے ایف سی آر کے خاتمے کے لئے اعلان جنگ کیا تھا اور تیس سال جدوجہد کے بعد ایف سی آر کا خاتمہ کیا۔

ہمارا جرم یہ ہے کہ ہم نے بینظیر انکم سپورٹ جیسی سکیم غریبوں کے لئے متعارف کرائی۔ ہمارا جرم یہ ہے کہ NWFP کا نام تبدیل کرکے خیبر پختونخوا رکھا۔ اس ملک پر جو سلیکٹڈ حکومت بیٹھا دی گئی ہے۔ اس نے ایک سال میں عوام کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ آج میں اس دھرتی پر کھڑا ہوں جسے کبھی فرقہ واریت، دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا اور کبھی قبائلی علاقوں کے امن کو تار تار کیا گیا۔ مجھے پتہ ہے کہ آپ کتنے دکھ میں ہیں۔ میں عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے نکلا ہوں، سلیکٹڈ وزیراعظم کو ہٹانے کیلئے نکلا ہوں۔ دہشتگردوں اور راء کے ایجنٹ کلبھوشن اور غدار مشرف کا انٹرویو ٹی وی پر چل سکتا ہے۔ ملک کے سابق صدر ، سابق وزیراعظم اور قبائلی رہنمائوں کے انٹرویو کیوں نہیں چل سکتے۔ ہمارا جرم یہ ہے کہ آصف زرداری نے 18ویں ترمیم منظور کروا کر قبائلی علاقوں کو حقوق دیئے۔ میں آپ سے سوال پوچھتا ہوں کہ کیا آپ کو ایک کروڑ نوکریاں ملیں ہیں؟ کیا آپ کو 50 لاکھ گھر ملے ہیں؟ کٹھ پتلی وریراعظم عمران خان عوام کو صرف سبز باغ دکھا سکتا ہے۔ حکومت نے ہماری خود مختیاری کا سودا کر لیا ہے۔ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ یہ کیسا نیا پاکستان ہے جہاں کسان برباد اور تاجر پریشان ہے۔

دھاندلی زدہ حکومت نے دھاندلی سے بجٹ منظور کروایا۔ علی وزیر اور محسن داوڑ کو فورا پروڈکشن آرڈر جاری کرکے قومی اسمبلی میں بات کرنے کا موقع دیں۔ عوام کا خون چوسنے والا عوام دشمن بجٹ مسترد کر تے ہیں۔ بجٹ میں چوروں اور ڈاکوئوں اور لٹیروں کے لئے تحفظ ہے۔ یہ بجٹ غریب عوام پر مہنگائی کا طوفان اور سونامی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سابق چیئرمین سینٹ نیئر بخاری، سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ، سینیٹر بہرمند، سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی، ممبر صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی نے بھی خطاب کیا اور ان کے علاوہ سابق امیدوار حلقہ این اے 39 اور شہید حق نواز گنڈہ پور کے فرزند سردار نورنگ خان گنڈہ پور نے بھی جلسہ عام سے جذباتی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ڈویژنل سنئیر نائب صدر اور سنئیر راہنما ملک اقبال ایسر، ضلعی صدر اور ضلع ممبر سجاد شیرازی، ضلعی جنرل سیکریٹری حنیف پیپا ایڈوکیٹ، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی امان الحق غزنی خیل، جنرل سیکریٹری ٹانک شاہ فہد انصاری، میڈیا کوارڈینیٹر وقار بلوچ جیالہ، ضیاءالدین بیٹنی، شازیہ طہماش، خواتین کی صدر اور تحصیل ممبر حمیرا یاسمین، زعفران حسین بخاری، سابقہ امیدوار سٹی ون ملک فرحان دھپ، انعام تاجو خیل، پیر عدنان شاہ گیلانی، سابقہ ایم پی اے کوہاٹ دینا ناز، سنئیر کارکن راہنما نیک دراز وزیر، قبائلی راہنما گل شاہ عالم وزیر، ضلع ممبر یوسی چہکان ملک مشتاق احمد روڈی خیل، یوتھ کے صدر ریحان بلوچ، لال بادشاہ، چوہدری داود، امیدوار پی کے 113 وزیرستان عمران مخلص، سخی مرجان، اسلم رنگپوری اور کثیر تعداد میں پارٹی راہنما و کارکنان موجود تھے۔ جلسہ کے بھرپور انتظامات میڈیا کوارڈینیٹر وقار بلوچ جیالہ، ضیاءالدین بیٹنی، ریحان بلوچ اور پی پی پی مقامی ورکروں، یوتھ و پی ایس ایف کے نوجوانوں کے سپرد تھے۔
خبر کا کوڈ : 803600
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش