0
Monday 8 Jul 2019 22:29

شہداء کا جذبہ عقیدت کسی ظاہری سہارے کا محتاج نہیں ہوتا ہے، حریت کانفرنس (گ)

شہداء کا جذبہ عقیدت کسی ظاہری سہارے کا محتاج نہیں ہوتا ہے، حریت کانفرنس (گ)
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) نے آج ہڑتال کو کامیاب بنانے پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔ حریت کانفرنس (گ) کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ لوگوں نے ایک بار پھر اپنی مبنی بر صداقت تحریک کے تئیں محبت اور عقیدت کا اظہار کرکے قابض طاقتوں کو ایک واضح پیغام دیا ہے کہ یہ قوم گوناگوں مشکلات، مصائب اور جنگی صورتحال کا سامنا کرنے اور عذاب و عتاب کے اعصاب شکن حالات سے دوچار ہونے کے باوجود اپنے شہداء کو فراموش کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتی ہے۔ حریت کانفرنس (گ) نے کہا کہ جو قوم اپنے شہداء اور ان کے مشن کو نظروں سے اوجھل نہیں ہونے دیتی اُس کو طاقت اور گولی بارود سے زیر کرنے کا کوئی بھی حربہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکتا ہے۔ حریت نے کہا کہ لوگوں نے نہ صرف مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کی، بلکہ جموں کشمیر کے اطراف و اکناف اور دنیا بھر میں دعائیہ مجالس و تقاریب کا اہتمام کیا۔

حریت نے کہا کہ بھارت اسی جذبے سے خوفزدہ ہوکر اس دبانے کے لئے ہمیشہ اپنی طاقت کا بے تحاشا استعمال کرتا آرہا ہے۔ شہید برہان وانی کی برسی کے موقع پر جبونی کشمیر اور بالخصوس ترال میں عائد قدغن اور کرفیو کے نفاذ پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ حریت نے کہا کہ حکام نے اگرچہ بے جا اور غیر جمہوری بندشیں عائد کرکے، لوگوں کو اپنے شہداء کو خراج عقیدت ادا کرنے سے روکنے کی وہ تمام کوششیں کی جو ان کی ”جمہوریت“ کی نئی تعبیر و تشریح میں ”جائز“ قرار پاچکی ہیں، لیکن انہیں یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیئے کہ جو لوگ عظیم مقاصد کے لئے اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں، وہ لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ کے لئے زندہ رہتے ہیں اور ان کا جذبہ عقیدت کسی ظاہری سہارے کا محتاج نہیں ہوتا ہے۔

حریت کانفرنس نے ان خبروں پر تشویش کا اظہار کیا جن کے مطابق جنوبی کشمیر کے اکثر علاقوں سے فوجیوں کی طرف سے لوٹ مار اور گھریلو سامان تہس نہس کرنے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ حریت کانفرنس (گ) نے کہا کہ حریت پسندوں کا مقابلہ کرنے کے بجائے وردی پوش، طاقت کے زور پر نہتے اور عام شہریوں کو نشانہ بنا کر اپنی بے غیرتی اور بزدلی کا ثبوت فراہم کرتے ہیں۔ حریت کانفرنس نے مزاحمتی قیادت کا سیاسی سطح پر مقابلہ کرنے کے بجائے انہیں آئے روز گرفتار کرکے زندان کی زینت بنانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 803922
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش