0
Sunday 14 Jul 2019 12:42

صارفین کی معلومات کے سیاسی استعمال پر فیس بک کو 5 ارب ڈالر جرمانہ

صارفین کی معلومات کے سیاسی استعمال پر فیس بک کو 5 ارب ڈالر جرمانہ
اسلام ٹائمز۔امریکا کے فیڈرل ٹریڈ کمیشن (ایف ٹی سی) نے 5 کروڑ صارفین کی معلومات غلط اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال ہونے پر فیس بک پر 5 ارب ڈالر (تقریباً 7 کھرب 90 ارب روپے) کا جرمانہ عائد کردیا۔ واضح رہے کہ کیمبرج اینالاٹکا (سی اے) نامی کمپنی نے موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں ان کی انتخابی مہم کے دوران فیس بک کے 5 کروڑ صارفین کی معلومات استعمال کی تھیں۔ فیس بک صارفین کی معلومات سے متعلق الزام کو مسترد کرتا رہا لیکن شدید دباؤ کے بعد تسلیم کیا کہ ان کے پلیٹ فارمز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔ جس کے بعد ایف ٹی سی نے مارچ 2018ء میں فیس بک کے خلاف تحقیقات شروع کردی تھی۔ برطانوی اخبار دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ انصاف جرمانے کی ادائیگی سے متعلق حتمی منظوری دے گا۔

اس سے قبل فیس بک انتظامیہ رواں برس اپریل میں واضح کرچکی تھی کہ ایف ٹی سی سے مذاکرات آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں اور 3 سے 5 ارب ڈالر کا جرمانہ عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ ایف ٹی سی سے معاہدے میں فیس بک نے آمادگی کا اظہار کیا کہ وہ صارفین کی معلومات کو سنبھالنے کے طریقوں پر جائزہ لے گا۔ رپورٹ کے مطابق ایف ٹی سی کے ساتھ تصفیے میں فیس بک کو پابند نہیں کیا گیا کہ وہ تھرڈ پارٹی کو صارفین کی معلومات فراہم نہیں کرے گا۔ دوسری جانب ناقدین نے کہا کہ فیس بک کے خلاف 5 ارب ڈالر کا جرمانہ ناکافی ہے کیونکہ رواں سال سے پہلے 3 ماہ میں کمپنی کا ریونیو 15 ارب ڈالر سے زائد تھا۔ اوپن مارکیٹ انسٹی ٹیوٹ کے فیلو میٹ اسٹولر نے کہا کہ مذکورہ جرمانہ فیس بک کے لیے محض ایک پارکنگ ٹکٹ ہے جس کے بعد کمپنی صارفین کی معلومات سے متعلق مزید غیر قانونی اور غیر معمولی نگرانی کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 804994
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش