0
Thursday 25 Jul 2019 10:12

میں وعدہ کرتا ہوں قوم کو کبھی مایوس نہیں کروں‌ گا، عمران خان کا وطن واپسی پر خطاب

میں وعدہ کرتا ہوں قوم کو کبھی مایوس نہیں کروں‌ گا، عمران خان کا وطن واپسی پر خطاب
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ دن ضرور آئے گا جب دنیا پاکستانی پاسپورٹ کی عزت کرے گی، جب تک لٹیروں کا احتساب نہیں ہوگا ملک آگے نہیں بڑھے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر استقبالی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کامیاب ترین دورے کے بعد وزیراعظم کی وطن واپسی پر تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے ایئرپورٹ پر عمران خان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب تک لٹیروں کا احتساب نہیں کریں گے انہیں جیلوں میں نہیں ڈالیں گے ملک آگے نہیں بڑھے گا، پاکستان کو علامہ اقبال اور قائداعظم کا پاکستان بنانا ہے، میں وعدہ کرتا ہوں قوم کو کبھی مایوس نہیں کروں‌ گا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے ٹھیک کرنے ہیں، اسی قوم سے پیسہ اکٹھا کرکے اسپتال بنانے ہیں، پینے کاپانی دینا ہے، باہر جاکر کہا چوروں ڈاکوئوں کا پیسہ واپس کرو۔ عمران خان نے رات کے اس پہر ایئرپورٹ پر استقبال کرنے پر قوم کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا ہے کسی دورے سے نہیں ورلڈکپ جیت کر آیا ہوں، اللہ نے 27رمضان کو پاکستان کا تحفہ دیا تھا، پاکستان اللہ کا خاص تحفہ ہے، جو آپ کا ملک ہے، کبھی نہ بھولنا کہ ہم نے عظیم قوم بننا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، اقبال اور قائد نے جو خواب دیکھا پاکستان کو ویسا ملک بنانا ہے، کسی کے آگے کبھی جھکا نہ قوم کو جھکنے دوں گا، کوئی بھی قوم کبھی جھک کر عظیم بنی نہ ہاتھ پھیلا کر، میری جدوجہد ریاست مدینہ کے اصول پر پاکستان کو عظیم بنانے کی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان میں اصلاحات کرنی ہیں، ادارے ٹھیک کرنے ہیں، ڈاکو ملک کو مشکل حالات میں چھوڑ کرگئے، اسی ملک سے پیسہ جمع کرکے اسپتال بنائیں گے، بچوں کو پڑھائیں گے، دنیا صرف اس کی عزت کرتی ہے جو خود اپنی عزت کرتا ہے، جو ہاتھ پھیلاتے ہیں دنیا اُن کی کبھی عزت نہیں کرتی۔ عمران خان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چور ڈاکو حکومت نہ کرتے تو پاکستان ایک عظیم ملک بن چکا ہوتا، آج ہی کے دن اس قوم نے مجھے الیکشن جتوایا تھا، وعدہ کرتا ہوں کہ آپ کو کبھی مایوس نہیں کروں گا، ملک کو ٹھیک کرنے میں ایک سال لگ گیا، اب ہم آگے بڑھیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک لٹیروں کا احتساب نہیں ہوگا ملک آگے نہیں بڑھے گا، اللہ نے پاکستان کو ہر قسم کی نعمت دی ہے، ان چوروں نے ادارے تباہ کیے تھے انہیں ٹھیک کرنا ہے، آپ دیکھیں گے کہ ہمارا ملک ایک عظیم ملک بن کرکھڑا ہوگا، وہ دن جلد آئے گا جب ہمارے گرین پاسپورٹ کی دنیا عزت کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 806901
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش