0
Friday 26 Jul 2019 18:53

الیکشن کمیشن نے پاکستان عوامی راج پارٹی کے انٹراپارٹی الیکشن کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

الیکشن کمیشن نے پاکستان عوامی راج پارٹی کے انٹراپارٹی الیکشن کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا
اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان عوامی راج پارٹی کے انٹراپارٹی الیکشن کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے، جس میں مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والے سابق ممبر قومی اسمبلی جمشید احمد دستی کو عوامی راج پارٹی کا مرکزی چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان کردہ نتائج کے مطابق محمد خان مرکزی جنرل سیکرٹری، سعید احمد ظفر کچھی مرکزی سیکرٹری اطلاعات، اللہ وسایا مرکزی فنانس سیکرٹری، محمد اسلم خان مرکزی وائس چیئرمین اور خاور حبیب گجر مرکزی جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں، اس سلسلے میں جمشید دستی نے اپنے پیغام میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان عوامی راج پارٹی اپنے نام کی طرح حقیقی معنوں میں ایک عوام کی جماعت ہے، جس میں سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کی بجائے عام کارکنوں کو میدان میں لایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران بھی سابقہ حکمرانوں کی طرح جنوبی پنجاب کو نظرانداز کر رہے ہیں، الیکشن سے قبل عمران خان نے سرائیکی صوبے کے قیام کا لولی پاپ دیا، اس کے بعد جنوبی پنجاب سب سول سیکریٹریٹ کے لئے تاریخ کا اعلان کیا گیا، لیکن دونوں وعدے پورے نہیں ہوئے۔ جمشید دستی نے اعلان کیا کہ وہ عیدالاضحیٰ کے بعد سرائیکی صوبے کے قیام کی تحریک چلائیں گے اور اس خطے کے عوام کو ان کا حق دلائیں گے، انہوں نے کہا کہ حکمران عملاً ملک کا نظام چلانے میں ناکام ہوچکے ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری نے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے، حکمران اپنی ناکامی کا اظہار کریں اور عوام کو ریلیف دیا جائے، پاکستان عوامی راج پارٹی عوام کے حقوق کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کرے گی اور اس جدوجہد میں ہم سڑکوں پر آنے کو بھی تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 807234
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش