0
Monday 29 Jul 2019 11:27

کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش سے موسم خوشگوار، بجلی غائب

کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش سے موسم خوشگوار، بجلی غائب
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں مون سون کی بارش سے موسم سہانا ہوگیا اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے بعض علاقوں میں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور لوگوں نے ابرِ رحمت برسنے پر خدا کا شکرادا کیا۔ بارش کا چھینٹا پڑتے ہی کئی علاقوں کی بجلی بند ہوگئی اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ برسات کے باعث طلبا کو درپیش مشکلات کے پیش نظر متعدد نجی اسکولوں کے انتظامیہ نے اپنے اسکول بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ جبکہ دفاتر میں بھی حاضری معمول سے کم رہی۔ شہر قائد میں سب سے زیادہ بارش گلشنِ حدید میں 12 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

سندھ کے دیگر شہروں حیدرآباد، سانگھڑ، نوابشاہ، ٹنڈوالہیار، ٹنڈو محمد خان، میرپورخاص، تھرپارکر میں بھی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں کے لئے اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مون سون بارشوں کا سسٹم سندھ پر اثر انداز ہوگا اور موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 807662
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش