0
Tuesday 30 Jul 2019 18:05
دینی طلباء کی سیاسی جماعت کے احتجاج میں شرکت کی تیاریاں

ملین مارچ کیلئے جمیعت علمائے اسلام (ف) کی حکمت عملی تیار

دو ہزار سے زائد افراد نے 30 کروڑ روپے فراہم کرنے کی حامی بھر لی
ملین مارچ کیلئے جمیعت علمائے اسلام (ف) کی حکمت عملی تیار
اسلام ٹائمز۔ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو اکتوبر تک مستعفی ہونے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے اسلام آباد کی جانب حکومت مخالف مارچ کا اعلان کیا تھا تاہم اب اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے حکمت عملی بھی تیار کر لی ہے جبکہ کارکنان کو ملین مارچ کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے چندہ مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد لاک ڈاﺅن کے حوالے سے مختلف امور کی انجام دہی کے لیے درجن سے زائد کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں، جو شرکاء کی آمد ورفت سے لے کر ان کی رہائش اور کھانے پینے کا تمام انتظام کریں گی۔ میڈیا ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ملک بھر سے دو ہزار سے زیادہ افراد نے جمیعت علمائے اسلام کے اعلان کردہ ملین مارچ کے لیے تیس کروڑ روپے فراہم کرنے کا بھی وعدہ کر لیا ہے۔ جے یو آئی کی کچھ عرصہ قبل ہی ملک بھر میں فوری طورر نئی تنظیم سازی کی گئی جس کے بعدان عہدیدران نے وفاق المدارس سے منسلک 18600 مدارس کے مہتمین سے رابطے شروع کئے جنہیں حکومت کے خلاف تحریک میں طلبا کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے راضی کیا گیا۔

یاد رہے کہ وفاق المدارس سے منسلک مدارس میں اس وقت جز وقتی اور کل وقتی تعلیم حاصل کرنے والے بیس لاکھ کے قریب طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں اور جمعیت علما اسلام اس طبقہ فکر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت سمجھی جاتی ہے۔ سیاسی ماہرین کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے سیاسی طور پر پارلیمان سے آﺅٹ ہونے کے بعد اب اپنا سیاسی کیرئیر داﺅ پر لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس کے لیے وہ اپنی جماعت کے تمام وسائل اس میں جھونکنے جارہے ہیں اور دینی طلبا کی سیاسی جماعت کے احتجاج میں شرکت کسی بھی طور ملک کے لیے بہتر نہیں ہو گی۔ یاد رہے کہ یوم سیاہ کے موقع پر بھی مولانا فضل الرحمان کے اجتماع میں کم سن بچوں کی موجودگی پر کئی سوالات اُٹھائے گئے تھے اور مدرسوں کے بچوں کو اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرنے پر مولانا فضل الرحمان کو سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 807970
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش