0
Wednesday 31 Jul 2019 11:38

ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ، 2 شہری جاں بحق

ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ، 2 شہری جاں بحق
اسلام ٹائمز۔آزادکشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور شیلنگ سے 2 شہری جاں بحق اور 6 خواتین سمیت 19 افراد زخمی ہو گئے۔ بھارتی فورسز نے جہلم ویلی سے کم از کم 100کلومیٹر پر واقع لیپہ ویلی میں دو گاؤں کو اشتعال انگیزی کا نشانہ بنایا، جس میں زخمی ہونے والوں میں ایک پولیس کانسٹیبل بھی شامل ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ولید انور نے بتایا کہ بھارتی فورسز نے لیپہ ویلی میں شیلنگ شروع کی جو پھیلتے ہوئے پوری وادی میں پھیل گئی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی شیلنگ سے قیصر کوٹ اور بیجل دار گاؤں میں تین گھر مکمل تباہ ہو گئے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسر اختر ایوب نے بتایا بھارتی فورسز کی فائرنگ سے نیلم ویلی کے گاؤں شاردا میں 25 سالہ نعمان اور کتھا چوگلی میں 17 سالہ بسمہ بی بی جاں بحق ہو گئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایل او سی پر بھارتی فورسز کی جارحیت سے ایک خاتون جاں بحق اور 5 خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ واقعہ کشمیر کے ضلع حویلی میں خورشید آباد اور نیزا پیر سیکٹر میں رات گئے پیش آیا تاہم سرکاری سطح پر اطلاعات آج صبح بتائی گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے 3 بجکر 45 منٹ پر نیزا پیر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جبکہ خورشید آباد سیکٹر میں بھی بلااشتعال فائرنگ کا آغاز 6 بجے شروع ہوا تھا۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ بھارتی فورسز نے ایل او سی کے لیپا، جورا، ڈنہ، شاردا اور شاہ کوٹ سیکٹرز میں شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی شیلنگ سے 26 سالہ نعمان احمد جاں بحق ہوا۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارتی شیلنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد شدید زخمی بھی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فورسز کی شیلنگ کا بھرپور جواب دیا۔ پاک فوج کی جوابی کاررورائی کے نتیجے میں 3 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 808080
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش