0
Saturday 3 Aug 2019 12:43

بےنامی جائیدادوں کا معاملہ، آئی ایس آئی، آئی بی سمیت 6 اداروں کی کمیٹی بنانیکا فیصلہ

بےنامی جائیدادوں کا معاملہ، آئی ایس آئی، آئی بی سمیت 6 اداروں کی کمیٹی بنانیکا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ اثاثہ جات ظاہر کرنے کی اسکیم کے بعد حکومت نے بے نامی اثاثے رکھنے والوں کے خلاف کارروائی میں تیزی لانے کیلیے حساس اداروں کے نمائندوں پر مشتمل اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وفاقی کابینہ نے 6 رکنی بے نامی انفارمیشن پروسیسنگ کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دیدی۔ بے نامی انفارمیشن کمیٹی جے آئی ٹی طرز پر بنائی جائے گی۔ کمیٹی میں آئی ایس آئی، آئی بی، ایف آئی اے، ایف بی آر، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے گریڈ 18 اور گریڈ 19 کے افسران شامل ہونگے۔ ممبر ایف بی آر نیشنل کوآرڈینیٹر (بےنامی) نوشین جاوید امجد کمیٹی کی سربراہ ہوں گی۔ کمیٹی بے نامی ٹرانزیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔

کمیٹی ملک بھر میں موجود بےنامی اثاثوں اور ان کے مالکان کے حوالے سے معلومات اکٹھی کرکے متعلقہ حکام کو فراہم کرے گی۔ کمیٹی بےنامی قوانین پر عملدرآمد کے عمل کو تیز کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی جبکہ حکام کی کارکردگی کو موثر بنانے میں بھی کمیٹی سہولت کاری کرے گی۔ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی ممبران اپنے دفاتر میں رہ کر کام کریں گے جبکہ کمیٹی کی چیئرمین ضرورت پڑنے پر بے نامی انفارمیشن پروسیسنگ کمیٹی کا اجلاس بلائیں گی۔ بےنامی انفارمیشن پروسیسنگ کمیٹی کے قیام کے لیے ریونیو ڈویژن کی جانب سے وفاقی کابینہ کو سمری بھیجی گئی تھی جو وفاقی کابینہ نے متفقہ طور پر منظور کرلی۔

سمری کے مطابق ملک میں بے نامی ٹرانزیکشن ایکٹ 2017ء فروری 2017ء سے نافذ ہے۔ ریونیو ڈویژن نے 11 مارچ 2019 ء کو بےنامی ٹرانزیکشن ایکٹ کے رولز کا نوٹیفیکیشن جاری کیا اور سرکاری امور کے لیے افسران بھی مقرر کیے۔ سمری میں کہا گیا ہے کہ بے نامی ٹرانزیکشن ایکٹ کے سیکشن 55 کے تحت حساس اور ریاستی اداروں کے نمائندوں پر ایک ایسی کمیٹی کے قیام کی ضرورت ہے جو بے نامی قوانین کے تحت ہونے والی کارروائی کے عمل کو تیز کرنے اور حکام کو سہولت فراہم میں مددگار ہو۔ وفاقی کابینہ نے سمری کے پیرا ٹو کے مطابق بےنامی انفارمیشن پروسیسنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔
خبر کا کوڈ : 808606
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش